سپریم کورٹ وزیراعظم کو توہین عدالت میں نااہل کرے گی یا ادارہ ختم ہو جائیگا، فواد چودھری

ہم نیوز  |  Apr 09, 2023

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ فسطائیت سے ہے جس کو ختم کرنے میں وقت لگے گا، ہمارے پاس دو ہی آپشنز ہیں الیکشن ہوں یا تحریک چلائیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ پاکستان ٹو نائٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آئین اور قانون کو دیکھتے ہیں تو الیکشن ہونے چاہئیں، انہوں نے آئین ہی ختم کر دیا ہے، پارلیمنٹ کا دائرہ اختیار بھی انہوں نے ختم کر دیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے الزام عائد کیا حکومت سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کر رہی ہے، سپریم کورٹ وزیراعظم کو توہین عدالت میں نااہل کرے گی یا ادارہ ختم ہوجائے گا، دونوں چیزیں اکٹھی تو نہیں چل سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا ہم نے عوام کو لیڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کوئی مذاکرات پس پردہ نہیں چل رہے ہیں، پس پردہ ملاقاتوں کی ضرورت بھی نہیں ہے۔

فواد چودھری نے کہا یہ کہتے ہیں سارا بوجھ فوج پر ڈال کر حکومت کرتے رہیں، دیکھنا یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور کتنی دیر ان کا بوجھ اٹھائے گی؟

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More