عمران خان اور بشریٰ بی بی پر دورانِ عدت نکاح کے الزام کا کیس: سماعت ملتوی

ہم نیوز  |  Apr 09, 2023

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے دورانِ عدت نکاح کرنے کے الزام پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف کارروائی کیلئے دائر کمپلینٹ کی سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

روزنامہ ایکسپریس کے مطابق گزشتہ روز کیس پر سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار محمد حنیف، سینئر سول جج نصر من اللہ کے روبرو عدالت میں پیش ہوئے۔ جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گواہ مفتی سعید بیان ریکارڈ کرانے کیلئے ساڑھے دس بجے آئیں گے۔

دورانِ سماعت درخواست گزار کی طرف سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے بشریٰ بی بی کے ساتھ عدت میں نکاح کیا۔ یہ قانوناً جرم ہے اور گناہ بھی ہے جس کی بنا پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو گواہ مفتی سعید کے ملک میں نہ ہونے کی وجہ سے بیان ریکارڈ نہیں ہو سکا۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالت آئندہ کی تاریخ مقرر کردے، جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے ایک شہری نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ پر عدت کے دوران نکاح کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ شہری محمد حنیف نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں درخواست دیتے ہوئے کارروائی کی استدعا کی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More