’سعودی عرب نے آئی ایم ایف کو پاکستان کے لیے فنانسنگ کی یقین دہانی کروا دی ہے‘

اردو نیوز  |  Apr 06, 2023

پاکستان کی وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے آئی ایم ایف کو پاکستان کے لیے فنانسنگ کی یقین دہانی کروا دی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق بیرونی فنانسنگ کی مد میں سعودی عرب کے دو ارب ڈالر فراہمی آئی ایم ایف کی ان کی شرائط میں سے ایک ہے جس کے تحت پاکستان کا فنڈ سے معاہدہ ہو سکتا ہے اور وہ ڈیفالٹ سے بچ سکتا ہے۔

جمعرات کو عائشہ غوث پاشا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’بظاہر سعودی عرب نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروا دی ہے، اور آئی ایم ایف نے ہمیں عندیہ دیا ہے ان کا اس سلسلے میں ان (سعودی عرب) سے رابطہ ہوا ہے۔‘ تاہم پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کو کہا ہے کہ وہ جون میں ختم ہونے والے مالی سال کے لیے ادائیگیوں کے توازن میں فرق کو پورا کرنے کے لیے دوست ممالک سے بیرونی فنانسنگ کی یقین دہانی لے۔

پاکستان رواں برس فروری سے آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یہ فنڈز آئی ایم ایف کے اس بیل آؤٹ پیکچ کا حصہ ہیں جس کی منظوری 2019 میں دی گئی تھی۔

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے پاکستان کے لیے دیگر چینلز سے فنانسنگ حاصل کرنے کے دروازے بھی کھلیں گے جس سے اس کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان کی متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی بات چیت ہو رہی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More