خیبر پختونخوا: قطاروں سے نجات، ویلج کونسل چیئرمین نے سرکاری آٹا گھر گھر پہنچایا

اردو نیوز  |  Apr 03, 2023

وفاقی حکومت کی جانب سے مفت آٹے کی تقسیم جاری ہے۔ رش اور بدانتظامی کی وجہ سے بھگدڑ کے درجنوں واقعات پیش آئے ہیں، جبکہ خواتین اور بزرگوں کو اذیت بھی اٹھانی پڑی ہے۔

مگر خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں ویلج کونسل مایار کے چیئرمین اکرام الحق یوسفزئی نے غریب، بیواؤں اور بزرگوں کو آٹے کی قطاروں سے نجات دلا کر پانچ سو گھروں تک سرکاری آٹا خود پہنچایا۔ اکرام الحق نے ایسا طریقہ اپنایا کہ گھر کی دہلیز تک آٹا پہنچا اور کسی کو باہر نکلنے کی زحمت بھی نہ اٹھانی پڑی۔

 اکرام الحق یوسفزئی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سب سے پہلے غریب اور مستحقین کی فہرست تیار کی جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں پھر ان کا آٹا لے کر گھر گھر پہنچایا۔

اکرام الحق نے اردو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ سرکاری آٹا لینے کے لیے لوگوں کو بہت مشکلات تھیں وہ سارا دن قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں جبکہ بدنظمی کی وجہ سے تکلیف بھی اٹھانی پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اسی لیے میں نے اپنے ویلج کونسل کے غریب افراد سے شناختی کارڈ لے کر ان کی جگہ جا کر آٹا ڈسٹربیوشن سنٹر سے لیا۔ میں نے بیواؤں، یتیموں اور بزرگوں کے گھر جا کر آٹا حوالے کیا، جہاں گاڑی کی ضرورت ہوتی تھی گاڑی کا خرچہ اپنی جیب سے دیا، پیدل بھی کئی گھروں تک جانا پڑا مگر ہر گھر تک سرکاری آٹا پہنچایا۔‘

اکرام الحق کا کہنا تھا کہ مزدوروں کے گھر بھی آٹا خود پہنچایا تاکہ وہ دن ضائع کیے بغیر اپنی دیہاڑی کریں۔ پانچ سو گھروں تک سرکاری آٹا پہنچایا جو بہت غریب یا مستحق تھے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جن افراد کے نام سرکاری آٹے کی لسٹ میں موجود نہیں تھے، ہم نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے ان کو مفت آٹا دیا تاکہ ان کا احساس محرومی ختم کرسکیں۔‘

’سرکاری آٹے کی تقسیم کے علاوہ ہم ہر روز مستحقین افراد میں افطاری بھی تقسیم کرتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا اگر بلدیاتی نمائندے اپنا کردار صحیح طریقے سے ادا کریں تو آٹے کی تقسیم کے دوران کسی بھی قسم کی دشواری نہیں ہو گی۔

شہری نے کہا کہ باقی شہروں میں بھی ضلعی انتظامیہ آٹے کی تقسیم کے لیے یہی طریقہ کار اپنائے (فوٹو: اردو نیوز)مقامی شہری عابد خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ اکرام الحق کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ انہی کی بدولت بزرگوں اور خواتین کو بہت آسانی ہوئی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ویلج کونسل مایار میں ایسے گھرانے موجود ہیں جن میں مرد موجود نہیں، مگر چیئرمین اکرام الحق کے تعاون سے ان خواتین کو گھر سے باہر نہ نکلنا پڑا۔ 

شہری نے کہا کہ باقی شہروں میں بھی ضلعی انتظامیہ آٹے کی تقسیم کے لیے یہی طریقہ کار اپنائے۔ 

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے اب تک تین شہری ہلاک جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب بدانتظامی سے شہری چار ہزار آٹے کے تھیلے لُوٹ کر لے گئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More