کراٹے کامبیٹ لیگ کے بین الاقوامی مقابلے میں فتح حاصل کرنے والے ’پہلے پاکستانی‘ شاہ زیب رند کون ہیں؟

بی بی سی اردو  |  Apr 03, 2023

’میرے کندھوں پر ایک بہت بڑا بوجھ تھا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ میں نے بھرپورانداز میں مقابلہ کیا اور مجھے پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کرنے میں کامیابی ملی۔‘

یہ کہنا ہے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب رند کا جنھوں نے امریکہ میں کراٹے کامبیٹ لیگ میں لائٹ ویٹ کیٹیگری میں وینزویلا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی گابوڈیازکو شکست سے دوچار کیا۔

فون پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے شاہ زیب رند نے بتایا کہ ان کے حریف کھلاڑی تینوں راؤنڈز میں اُن کی تکنیک کے سامنے نہیں ٹھہر سکے جس کے باعث وہ ہر راؤنڈ میں ان پر حاوی رہے۔

شاہ زیب بتاتے ہیں کہ انھوں نے یہ مقام حاصل کرنے کے لیےجو کچھ کیا وہ اپنی مدد آپ کے تحت کیا اور اس حوالے سے ان کی حکومت پاکستان اور نہ ہی حکومت بلوچستان نے کوئی مدد کی۔ تاہم بلوچستان کے وزیر اعلیٰ عبدل القدوس بزنجو نے ان کی فتح پر انھیں مبارکباد دی ہے۔

شاہ زیب کا کہنا تھا اگرچہ یہ ایک مہنگا کھیل ہے لیکن یہ ان کا شوق ہے اور وہ مستقبل میں بھی اپنے شوق کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے خواہ حکومت ان کی مدد کرے یا نہ کرے۔

شاہ زیب رند کون ہیں؟

شاہ زیب رند کا تعلق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے ہے اور انھوں نے انٹرنیشنل ریلشنز (بین الاقوامی تعلقات) میں بی ایس کی تعیلم حاصل کر رکھی ہے۔

ان کی عمر اکیس سال ہے اور انھوں نے آٹھ سال کی عمر سے ہی کراٹے کامبیٹ کھیلنا شروع کیا تھا۔ انھوں نے اس کھیل کے حوالے سے تمام تربیت کوئٹہ میں حاصل کی۔ وہ آٹھ سال پاکستانی ٹیم میں رہے اور چھ مرتبہ نیشنل چیمپیئن بھی رہ چکے ہیں۔

شاہ زیب رند نے بتایا کہ وہ مختلف انٹرنیشنل ایونٹس کے سلسلے میں سنگاپور، ویتنام، آذربائیجان، نیپال اور ایران جا چکے ہیں اور وہاں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد میڈلز حاصل کر چکے ہیں۔

’اس نے تینوں مرتبہ مجھ سے رنگ میں بھاگنے کی کوشش کی‘

شاہ زیب رند نے بتایا کہ کراٹے کامبیٹ پروفیشنل گیم ہے، جس میں سارے داؤ لگانے کی اجازت ہوتی ہے۔

’اس میں آپ باکسنگ بھی کر سکتے ہو، ریسلنگ کر سکتے ہو اور کک بھی مار سکتے ہو۔ حتٰی کہ مدمقابل کو گرا کر بھی مار سکتے ہو۔‘

شاہ زیب رند نے کہا کہ ان کا مقابلہ 68 کلوگرام لائٹ ویٹ کیٹگری میں وینزویلا کے پانچ مرتبہ نیشنل کک باکسنگ چیمپیئن رہنے والے گابو ڈیاز سے تھا جو کہ امریکہ میں رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کھیل کے تین، تین منٹ کے تین راؤنڈز میں سے ہر ایک میں اللہ کے فضل سے مجھے ان پر بالادستی رہی اور وہ مجھ سے رنگ میں بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا۔‘

’میرے داؤ پیچ کے مقابلے میں ان کے دائو پیچ نہیں چل سکے اورمیں نے دیکھا کہ ان کے چاروں شانے چت ہوئے۔‘

’لوگوں کے دلوں میں خوف ہو گا کہ پاکستان میں بھی اچھے فائٹرز ہیں‘

شاہ زیب رند نے کہا کہ اس مقابلے میں کامیابی پر وہ بہت خوش ہیں کیونکہ ’میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا تھا اور اس حوالے سے مجھ پر ایک بہت بڑا بوجھ تھا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر میں صحیح پرفارم نہیں کرتا تو اس کا ایک اچھا تاثر نہیں جاتا اور اس کے نتیجے میں ہمارے آنے والے کھلاڑیوں کو موقع نہیں ملتا۔‘

’اس کھیل میں ویسے پاکستان کو امریکہ یا دیگر ممالک میں لوگ نہیں جانتے یہی وجہ ہے کہ میں نے ہمت اور حوصلے سے کھیل کر پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کیا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں نے پہلے اچھا تاثر قائم کیا۔ انشا اللہ آگے پاکستان کا نام ہو گا لوگوں میں خوف ہو گا کہ پاکستانی بھی اچھے فائٹرز ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ کراٹے کامبیٹ لیگ کا امریکہ میں ایک بڑا مقابلہ ہوتا ہے۔ میں پہلا پاکستانی اور بلوچ ہوں جو اس لیگ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا تھا۔

وہ بتاتے ہیں کہ امریکہ میں اس لیگ میں حصہ لینے کے لیے صرف ویزے پر ان کا 30 لاکھ روپے کا خرچ آیا ہے جبکہ وہ ڈیڑھ مہینے سے یہاں ہیں تمام اخراجات خود اٹھا رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ’اس لیگ کو پوری دنیا میں لائیو دکھایا جاتا ہے اور اس کے فالوورز لاکھوں میں ہیں۔‘

سوشل میڈیا پر ردعمل

سوشل میڈیا پر پاکستان بھر سے صارفین شاہ زیب رند کی اس کامیابی پر انھیں مبارک دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزینجو نے شاہ زیب رند کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی کامیابی پاکستان اور بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے قابل تقلید ہے۔‘

https://twitter.com/AQuddusBizenjo/status/1642563124858441731

صابر شاہ نے لکھا کہ ’کمبیٹ کراٹے لیگ میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے اور فائٹ جیتنے پر شاہ زیب رند کو مبارک ہو۔ بلوچستان کو آپ پر فخر ہے۔‘

https://twitter.com/SyedSabirShah03/status/1642610118960324612

حمزہ شہزاد نے شاہ زیب رند کی فائٹ جیتنے کے بعد کی ایک تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’یہ بلوچستان کی جانب سے انتہائی اہم پیغام ہے۔‘

https://twitter.com/hamza_shahzad98/status/1642568821373390848

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More