بلوچستان کے ضلع لورالائی میں بیٹے نے باپ کے قتل کے الزام میں اپنی ماں کی جان لے لی.لورالائی پولیس کے ایس ایچ او عارف خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ واقعہ لورالائی کے علاقے شاہ کاریز لونی آباد میں پیش آیا ہے- ان کے بقول 22 سالہ جہانزیب کو اپنے دو چچاؤں شیر محمد اور رشید نے والدہ کے خلاف ورغلایا تھا اور تینوں نے مل کر کلہاڑیوں کے وار کر کے قتل کیا-پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ چند دن قبل افغانستان سے واپس آئی تھیں۔ایس ایچ او کے مطابق والدہ کو قتل کرنے کے بعد بیٹا فرار ہو گیا جبکہ باقی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بیٹے نے اپنی والدہ پر باپ کے قتل کا الزام لگا کر یہ واردات کی ہے تاہم ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ مقتولہ اپنے شوہر کی موت کی ذمہ دار تھیں یا نہیں۔ایس ایچ او عارف خان نے مزید بتایا کہ مقتولہ کے شوہر عبدالجبار گیس کمپنی میں ڈرائیور تھے اور ان کی تین سال قبل کوئٹہ میں موت واقع ہوئی تھی- انہوں نے ورثے میں کوئٹہ میں جائیداد چھوڑی ہے- پولیس افسر کے بقول اصل تنازع جائیداد کا معلوم ہوتا ہے کیونکہ گرفتار دونوں ملزمان نے بھائی کی موت کے بعد اپنی بھابھی کو افغانستان بھیج کر یہاں انہیں مردہ قرار دیا تھا اور جائیداد اپنے نام کر لی تھی- انہوں نے بتایا کہ اب جب خاتون طویل عرصے بعد ایک ہفتہ قبل اپنے بیٹے سے ملنے افغانستان سے واپس آئیں تو انہیں قتل کر دیا گیا-