آج نامعلوم پیچھے ہو جائیں تو یہ حکومت ختم ہو جائے: عمران خان

اردو نیوز  |  Mar 27, 2023

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ’اگر آج نامعلوم پیچھے ہو جائیں تو یہ حکومت ختم ہو جائے۔‘

پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کے لیے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں۔

عمران خان کا اس سوال پر کہ ملک میں فیصلے کون کر رہا ہے؟ کہنا تھا کہ یہ ایسا سوال ہے جس کا جواب سب کو معلوم ہے۔

اس سوال پر کہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے یا ’یہ رہیں گے یا ہم رہیں گے‘، پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خواہش تو یہی ہے دونوں رہیں لیکن اگر وہ کہہ رہے ہیں تو ’میں یہی کہوں گا وہ نہیں رہیں گے۔‘

خیال رہے کہ پیمرا نے آج کے دن کے لیے عمران خان کی اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر لائیو کوریج پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

پیمرا کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آج کے دن تک کے لیے اسلام آباد میں کسی بھی جماعت، تنظیم یا انفرادی طور پر نکالے جانے والی احتجاجی ریلی یا عوامی اجتماع کی لائیو یا ریکارڈڈ کوریج نہیں کی جا سکتی۔ کوریج پر پابندی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر عائد کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے سنہ 2018 کے احکامات کی روشنی میں کوریج پر پابندی پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت لگائی گئی ہے۔

اس سے قبل رواں مہینے کے آغاز میں پیمرا نے تمام ٹی وی چینلوں کو حکم دیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی ہو گی کیونکہ وہ ’ریاستی اداروں اور افسران پر مسلسل بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں اور نفرت پھیلا رہے ہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More