پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عمران خان کے ترجمان اظہر مشوانی کے گھر والوں کے مطابق وہ لاپتہ ہیں اور ان کا الزام ہے کہ ایک روز پہلے لاہور میں مبینہ طور پر ان کے گھر کے سامنے سے انھیں اٹھایا گیا تھا۔
اظہر مشوانی نہ صرف عمران خان کے ترجمان ہیں بلکہ پارٹی کی دیگر سرگرمیوں میں بھی پیش پیش رہتے ہیں۔ اس سے پہلے وہ پی ٹی آئی کی یوتھ وِنگ کے چیئرمین بھی رہے ہیں اور حال ہی میں وزیرِ اعلی پنجاب کے میڈیا کوآرڈینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔
اظہر مشوانی کی اہلیہ ماہ نور اظہر نے بی بی سی سے اپنی ٹوئیٹس شیئر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اظہر کو دن کے دو بج کر اکاون منٹ پر لاہور سے زمان پارک جاتے ہوئے اٹھایا گیا تھا۔ انھوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ان کی فون کی لوکیشن پر آخری مرتبہ واٹس ایپ دو بج کر اکاون منٹ آرہا تھا۔ انھوں نے کہا کہ وہ مزید بات نہیں کر سکتیں اور ٹوئٹر پر تمام تر تفصیلات شیئر کرچکی ہیں اور اسی کو ان کا بیان سمجھا جائے۔
اظہر مشوانی کے بھائی مظہر الحسن کا کہنا ہے کہ ’کل وہ پونے تین بجے گھر سے نکلا۔ کریم یا اووبر منگوائی تھی اس نے، اس کے بعد سے اس کا موبائل بند ہے۔ اور اس سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔‘
ان کے مطابق ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے، ’لاہور ہائی کورٹ میں بھی پٹیشن کی ہے۔ تاکہ جس کے پاس بھی ہے، جدھر بھی ہے، وہ اس کو سامنے لے آئیں۔ یا اس پر کوئی پرچہ ہے تو وہ ہمیں بتائیں۔ ہم ایف آئی آر میں کسی کو نامزد نہیں کر رہے۔‘
بی بی سی نے حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن تاحال کسی نے بھی اس واقعے پر ریکارڈ پر آکر جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب مشوانی کی اہلیہ نے ایک ٹویٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ ’پی ٹی آئی کی قیادت سے مجھے مذمتی بیانات نہیں چاہییں۔ بلکہ میں چاہتی ہوں کہ وہ اب کچھ کریں۔ مہربانی کر کے باہر آئیں اور اظہر مشوانی کے لیے کچھ کریں۔‘
جب یہی سوال پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری سے کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے اب تک کیا کیا گیا ہے؟ تو انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہم نے ایف آئی آر درج کرنے کی کوشش کی لیکن نہیں کی گئی۔ آج لاہور ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرانے کی کوشش کی، وہ بھی نہیں ہوئی۔ ‘
انھوں نے کہا کہ ’ایسا نہیں ہے کہ کچھ نہیں کررہے ہیں۔ اب گھر والے چاہتے ہیں کہ بندہ گھر پہنچ جائے، تو ہم کوششوں میں مصروف ہیں۔‘
انھوں نے بتایا کہ ’اظہر مشوانی کی فون کی لوکیشن پہلے لاہور تھی پھر راولپنڈی اور اب فون بند ہوچکا ہے۔‘
واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت ان کے حامیوں اور کارکنان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ اظہر مشوانی کو لاپتہ ہوئے اب چوبیس گھنٹے گزر چکے ہیں اور پی ٹی آئی کے مطابق کہیں سے ان کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔