فیکٹ چیک، کیا کیپٹن (ر) صفدر نے توشہ خانہ سے صابن لئے؟

ہم نیوز  |  Mar 13, 2023

حکومت کی جانب سے توشہ خانہ کی فہرست جاری کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر سیاستدانوں کی جانب سے رکھے گئے تحائف پر مختلف تبصرے ہونے لگے۔

ایسے میں سوشل میڈیا پر مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن صفدر سے متعلق دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے توشہ خانہ سے صابن کے 100 پیکٹ لئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر یہ خبر تیزی سے پھیلی۔ اس فہرست کی تصویر تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے شیئر کی اور لکھا کہ لو جی صفدر بھائی کے ہاتھ لکس صابن لگا، مڈل کلاس بندے جو اشرافیہ یہاں بھی نہ عزت دے سکی اور نہ برابر کا حصہ۔

معروف صحافی عمران ریاض خان نے لکھا کہ آج کیپٹن صفدر کے لکس پروگرام کو دیکھ کر رائے ونڈ کا ایک ایسا واقعہ یاد آیا کہ کئی سال بعد سارا منظر آنکھوں کے سامنے گھوم گیا۔ یاد رہا تو اگلے وی لاگ میں۔

فیکٹ چیک

ہم نیوز نے توشہ خانہ کی فہرست کو جب چیک کیا تو حقیقت سامنے آئی کہ نہ کوئی 909 سیریل نمبر ہے اور نہ ہی اس میں کہیں کیپٹن (ر) صفدر کا نام ہے۔

ہم نیوز فیکٹ چیک کے مطابق کیپٹن صفدر کے توشہ خانہ سے صابن لینے کی خبر جعلی ہے اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

توشہ خانہ کا ریکارڈ پبلک

حکومت نے سال 2002 سے 2022 کے دوران توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والے سرکاری عہدوں کے حامل افراد کا ریکارڈ پبلک کردیا ہے جن میں سابق صدور، وزرائے اعظم، وفاقی کابینہ کے ارکان، سیاستدان، بیوروکریٹس، ریٹائرڈ جرنیل، جج اور صحافی بھی شامل ہیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے توشہ خانہ کی تفصیلات کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More