عمران خان سمجھتا ہے وہ آج بھی ون ڈے کھیل رہا ہے: آصف علی زرداری

اردو نیوز  |  Mar 07, 2023

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ’ ایک بے وقوف کو ہم نے وزیراعظم بنوا دیا تھا آج بھی یہ سمجھ رہا ہے کہ وہ ون ڈے کرکٹ کھیل رہا ہے۔‘

منگل کو جنوبی پنجاب کے ضلع وہاڑی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ ’یہ جو پاگل خان ہے اس نے معیشت کا خانہ خراب کیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ ایسی دلدل میں ہمیں پھنسا گیا ہے جہاں بڑی مشکل سے ہم پار لگیں گے۔‘

آصف زرداری نے پاکستان کے معاشی حالات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ جو آج کل دیوالیہ ہو گیا کہہ رہے ہیں، یہ عارضی صورت حال ہے دیوالیہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا۔‘

سابق صدر نے چند ممالک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’جاپان دیوالیہ ہو گیا تھا۔ امریکہ بھی دیوالیہ ہو گیا تھا۔‘

’ایک زمانے میں انڈیا کے پاس صرف ایک ارب روپے تھے انہیں اپنا سونا سوئٹزرلینڈ کو بیچنا پڑا، یہ اونچ نیچ آتی رہتی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آپ کے اُوپر چین ہے، آپ کے ساتھ ایران ہے، اس کے ساتھ سینٹرل ایشیا ہے یہ سارے امیر ممالک ہیں۔’

انہوں نے مزید کہا کے ’ہم امیر ممالک کے درمیان بیٹھ کر غریب ملک کیسے ہو سکتے ہیں۔‘

ساؤتھ پنجاب کے مسائل حل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ’میں نہیں کروں گا تو بلاول کرے گا بلاول نہیں کرے گا تو آصفہ کرے گی۔‘

جنوبی پنجاب کے یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبہ کو وظیفہ دینے کے بارے میں کہا کہ ’گرایجویٹس کو وظیفہ دیں گے۔ بچوں کو اپنے گھر بیٹھتے ہوئے شرم آتی ہے۔‘

آصف زرداری نے کہا ہے کہ ’بی بی صاحبہ کے نام سے کارڈ ہم نے گھر بیٹھ کے ڈیزائین کیا۔‘

وہاڑی میں خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ’عوام چاہتی ہے میں یہاں سے الیکشن لڑوں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More