عمران خان اِبن الوقت، اسٹیبلشمنٹ کی مدد کے بغیر کچھ نہیں: خواجہ آصف

اردو نیوز  |  Mar 07, 2023

پاکستان کے وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ نواز کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’اگر عدالت حکم دیتی ہے تو عمران خان کی گرفتاری ہونی چاہیے۔ عدالتوں کے حکم پر ماضی میں عمل کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔‘

خواجہ آصف نے منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اس شخص کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ ابن الوقت ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی کے بغیر اس نے ایک لمحہ بھی سیاست نہیں کی۔ عمران خان کی سیاسی پرورش جنرل مشرف نے کی ہے۔‘

’ان کا اسٹیبلشمنٹ سے جھگڑا ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے وقت سے شروع ہوا۔ اس شخص کو اسٹیبلشمنٹ کا وینٹی لیٹر نہ لگا ہو تو اس کی سیاست کی کوئی اوقات نہیں ہے۔‘

خواجہ آصف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’یہ(عمران خان) جیل سے ڈرتے ہیں۔ ان کے جو لوازمات ہیں وہ جیل میں بھی مل جاتے ہیں۔‘

انہوں نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے حوالے سے کہا کہ ’ثاقب نثار کا بیان آیا ہے کہ ’میں نے عمران خان کو مکمل صادق امین قرار نہیں دیا۔ میں نے پہلی دفعہ سنا ہے کہ کوئی 20 فیصد، کوئی 50 فیصد اور کوئی 80 فیصد صادق امین ہوتا ہے۔‘

خواجہ آصف نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’توشہ خانہ کے قانون میں تبدیلی کا عمل جاری ہے۔ کچھ تجاویز ہیں جن کی منظوری ہو گی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More