ڈالر کی قلت، حکومت حج پالیسی میں بڑی تبدیلی پر مجبور

ہم نیوز  |  Mar 04, 2023

وفاقی حکومت ملک میں امریکی ڈالر کی قلت کی وجہ سے حج پالیسی میں بڑی تبدیلی کرنے پر مجبور ہو گئی ہے۔

سرکاری حج سکیم کے تحت حکومت نے پچاس فیصد کوٹہ ڈالرز جمع کرانے والوں کے لئے مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حج اخراجات کے لئے وزارت خزانہ نے دو ارب ڈالرز دینے سے معذرت کر لی ہے، ڈالر کی فراہمی کیلئے وزارت خزانہ کے حکام جلد ہی وزیر خزانہ سے ملیں گے۔

اگلے ہفتے حج پالیسی وفاقی کابینہ کو بھیجے جانے کا امکان ہے جس کی 8 سے 10 روز میں وفاقی کابینہ منظوری دیدے گی۔ ڈالرز کی صورت میں حج اخراجات جمع کرانے والے قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزارت مذہبی امور نے حج اخراجات ڈالرز میں جمع کروانے کے لئے 25 فیصد کوٹہ مختص کیا تھا۔سرکاری حج سکیم کے تحت فی کس اخراجات 12 سے 13 لاکھ تک ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More