ایمازون جنگل میں کیڑے مکوڑے کھا کر زندہ رہنے والا لاپتہ شخص 31 دن بعد مل گیا

بی بی سی اردو  |  Mar 02, 2023

بولیویا کے ایک شخص نے بتایا ہے کہ کس طرح وہ ایمازون کے جنگل میں لاپتہ ہونے کے بعد 31 دن تک زندہ رہنے میں کامیاب رہے۔

30 برس کے جوناتھن اکوسٹا شمالی بولیویا میں شکار کے دوران اپنے چار دوستوں سے جدا ہوئے اور پھر لاپتہ ہو گئے تھے۔

اُن کا کہنا ہے کہ زندہ رہنے کے لیے 31 دن تک انھوں نے اپنے جوتوں میں جمع ہونے والا بارش کا پانی پیا اور کھانے میں کیڑے مکوڑے کھاتے رہے اور اس دوران وہ جنگلی جانوروں جیسا کہ چیتے اور سورؤں سے بھی چھپتے رہے۔

جوناتھن اکوسٹا کے لاپتہ ہونے کے ایک ماہ بعد بالآخر مقامی افراد اور دوستوں پر مشتمل ایک ٹیم اُن کی تلاش میں نکلی اور انھیں ڈھونڈ نکالا۔

اپنے آنسو پونچھتے ہوئے جوناتھن نے کہا کہ ’یہ ناقابل یقین ہے، میں یقین نہیں کر سکتا کہ لوگوں نے اتنی دیر تک میری تلاش جاری رکھی۔‘

انھوں نے یونیٹل ٹی وی کو بتایا کہ ’اس عرصے کے دوران میں نے کیڑے مکوڑے کھائے، آپ یقین نہیں کریں گے کہ مجھے اس سارے عرصے میں زندہ رہنے کے لیے کیا کچھ کرنا پڑا۔‘

زندہ رہنے کے لیے ان کا انحصار جنگلی پھلوں اور کیڑوں مکوڑوں پر رہا۔

جوناتھن کے مطابق ’میں خدا کا بے حد شکر ادا کرتا ہوں کیونکہ اس نے مجھے نئی زندگی دی ہے۔‘

Reuters

ان کے اہل خانہ نے کہا کہ وہ ابھی بھی تمام تفصیلات جمع کر رہے ہیں کہ جوناتھن کیسے کھو گئے تھے اور وہ اس عرصے کے دوران کیسے زندہ رہنے میں کامیاب ہوئے۔ تاہم وہ آہستہ آہستہ ان سے پوچھیں گے کیونکہ وہ ابھی اس تلخ تجربے کے بعد نفسیاتی مسائل سے گزر رہے ہیں۔

جنگل میں گزارے گئے اس وقت میں جوناتھن اکوسٹا کا وزن 17 کلوگرام کم ہو گیا تھا، جب وہ ملے تو ان کا ٹخنہ ٹوٹا ہوا تھا اور ان کے جسم میں پانی کی کمی واقع ہو چکی تھی لیکن ان لوگوں کے مطابق جنھوں نے انھیں تلاش کیا جوناتھن اس تمام مشکلات کے باوجود لنگڑا کر خود سے چل رہے تھے۔

جوناتھن کے چھوٹے بھائی ہوراشیو اکوسٹا نے بولیویا کے ایک اخبار کو بتایا کہ ’میرے بھائی نے ہمیں بتایا کہ جب چوتھے دن اس کا ٹخنہ ٹوٹ گیا تو اس کے بعد انھیں اپنی جان کے لالے پڑ گئے۔‘

ہوراشیو اکوسٹا نے مزید کہا کہ ان کے بھائی کے پاس اپنی ’شاٹ گن‘ میں صرف ایک کارتوس تھا اور وہ چل نہیں سکتے تھے اور انھوں نے یہی سوچا کہ اب کوئی انھیں تلاش نہیں کر رہا ہو گا۔

جوناتھن اکوسٹا جب گم ہو گئے تو ان کے پاس کوئی روشنی کا دیا یا ٹارچ نہیں تھی اور انھیں پینے کے لیے بارش کا پانی اپنے جوتوں میں ذخیرہ کرنا پڑا۔

انھوں نے اپنے رشتہ داروں کو یہ بھی بتایا کہ ان کا سامنا جنگلی جانوروں سے بھی ہوا ہے جس میں ایک ’چیتا‘ بھی تھا۔

اس کے چھوٹے بھائی کا کہنا ہے کہ جوناتھن نے جنوبی امریکہ کے بارانی جنگلات میں پائے جانے والے ’پکیریز‘، سور نما جنگلی جانوروں کے ریوڑ کو ڈرانے کے لیے اپنا آخری کارتوس استعمال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

' دنیا کے ’تنہا ترین‘ شخص کی موت، برازیل کے جنگلوں کے باسی اپنے قبیلے کے آخری فرد تھے

ایمازون جنگلات: سونے کے متلاشی افراد گھنے جنگلوں پر نظریں کیوں جمائے بیٹھے ہیں؟

بی بی سی کی تحقیق: فیس بک پر ایمازون کے جنگلات کی زمین کی غیر قانونی خرید و فروخت کا انکشاف

لاپتہ ہونے کے 31 دن کے بعد انھوں نے تقریباً 300 میٹر (980 فٹ) دور ایک سرچ ٹیم کو دیکھا اور کانٹے دار جھاڑیوں میں سے ان کی طرف لنگڑاتے ہوئے چلنا شروع ہوئے اور اس دوران وہ انھیں اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے چلاتے رہے۔

ہوراشیو اکوسٹا کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی کو چار مقامی افراد نے تلاش کیا۔ ان کے مطابق ’ایک آدمی دوڑتا ہوا ہماری طرف آیا اور ہمیں بتایا کہ اسے میرا بھائی مل گیا ہے۔ یہ ایک معجزہ ہے۔‘

ان کے مطابق ’جوناتھن نے اس مصیبت کے بعد شکار ترک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

انھوں نے اپنے گٹار کے شیدائی بھائی کے بارے میں بتایا کہ ’وہ خدا کی تعریف کے لیے موسیقی بجائے گا۔ انھوں نے خدا سے وعدہ کیا تھا، اور مجھے لگتا ہے کہ وہ اپنا وعدہ پورا کرے گا۔‘

دریں اثنا پولیس نے کہا کہ وہ زندہ بچ جانے والے کے چار دوستوں سے پوچھ گچھ کریں گے کہ وہ ان سے الگ کیسے ہوئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More