گیٹ توڑیں پی ٹی آئی کے فسادی، ڈنڈے کھائیں بے گناہ صحافی، یہ نہیں چلے گا ،مریم اورنگزیب

ہم نیوز  |  Feb 28, 2023

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عدالت کے باہر صحافیوں پر ہونے والے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیٹ توڑیں پی ٹی آئی کے فسادی، ڈنڈے کھائیں بے گناہ صحافی، یہ نہیں چلے گا۔

انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے واقعے کا سخت نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پولیس کا صحافیوں پر تشدد قابل مذمت ہے، صحافیوں سے معذرت کرتی ہوں۔

ن لیگ کی مرکزی ترجمان اور وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا  کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے صورتحال پر بات کی ہے، وزیر داخلہ سے درخواست بھی کی ہے صحافیوں سے واقعے پر معذرت کی جائے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ اس بات پر کارروائی کریں کہ پولیس تماشائی کیوں بنی رہی؟ اور حملہ آوروں کے ہاتھ روکنے کے بجائے میڈیا کو نشانہ بنانے والوں کا تعین بھی کیا جائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے واضح طور پر کہا کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے والے صحافیوں پر تشدد قابل افسوس اور ناقابل قبول ہے، صحافیوں کا احترام اور انہیں سہولتیں فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More