Getty Images
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2023 کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے تباہ کن بؤلنگ کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ کو 110 رنز سے ہرا دیا ہے۔
اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 90 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوررز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔
جس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو اور رحمٰن اللہ گرباز نے بھی جارحانہ آغاز کیا تاہم ان کی شراکت 41 رنز پر اس وقت ختم ہوئی جب قلندرز کے زمان خان نے رحمن اللہ گرباز کو 23 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ فخر زمان نے ان کا شاندار کیچ پکڑا۔
https://twitter.com/thePSLt20/status/1630242477222539265
رحمٰن اللہ گرباز نے 17 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے۔
اس کے بعد اسلام آباد یونائٹیڈ کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ کولن منرو نے ریسی وین ڈیر ڈوسن کے ساتھ مل کر ٹیم کا مجموعی سکور 50 تک پہنچایا اور وہ ڈیوڈ وائز کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ڈوسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر پائے اور حارث رؤف کا شکار ہو گئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور گذشتہ میچوں میں جاریانہ اور تیز کھیل کا مظاہرہ کرنے والے اعظم خان بھی آج ناکام ہوئے اور جلد ہی پویلین لوٹ گئے، ان دونوں بلے بازوں کو بھی ڈیوڈ وائز نے ہی آؤٹ کیا۔
آصف علی آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے، جنھوں نے صرف تین رنز بنائے۔
اعظم خان نے سات گیندوں کا سامنا کیا اور چار رنز بنا کر 68 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
ٹام کیوران 10 رنز بنا سکے لیکن راشد خان نے 81 کے مجموعی سکور پر ان کی وکٹیں اڑا دیں۔
فہیم اشرف نے چار رنز بنائے لیکن ٹیم کو ایک بڑی شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔
اس کے بعد میچ کا سب سے اہم اور دلچسپ اوور شروع ہوا جن نے محض تین گیندوں پر ہی اسلام آباد یونائٹیڈ کی بیٹنگ لائن اپ کو سمیٹ کر رکھ دیا۔
حسن علی میچ کے تیرھویں اوور میں 90 کے مجموعی سکور پر رن آؤٹ ہوئے تو لاہور قلندرز کے سکندر رضا نے یونائیٹڈ کی آخری دو وکٹیں 90 کے سکور پر ہی گر ادیں۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کےذیشان ضمیر اور ابرار احمد بنا کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 14 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 90 رنز پر ڈھیر ہوئی اور اس طرح اسے110رنز کی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ وائز نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ راشد خان اور سکندر رضا نے بالترتیب دو، دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ڈیوڈ وائز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Getty Imagesلاہور قلندرز کی اننگزGetty Images
لاہور قلندرز کے اوپنرز مرزا بیگ اور فخر زمان نے 58 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔اننگز کے ساتویں اوور میں مرزا بیگ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان نے 23 گیندوں کا سامنا کیا اور پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رنز بنائے۔
سیم کیوران نے آٹھویں اوور میں فخر زمان کو 62 کے سکور پر آؤٹ کرکے یونائیٹڈ کو دوسری کامبابی دلائی۔
عبداللہ شفیق اور سیم بلنگز کی جوڑی ایک مرتبہ پھر قلندرز کو اچھی پوزیشن پر لے کر آئی اور 71 رنز کی شراکت میں ٹیم کا سکور 133 رنز تک پہنچایا۔
سیم کیوران نے تیز کھیلنے والے عبداللہ شفیق کو پویلین کی راہ دکھائی، انھوں نے 24 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے تھے۔
قلندرز کی جانب سے حسین طلعت کو بیٹنگ کا موقع ملا لیکن وہ پانچ گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے صرف چھرنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
سیم بلنگز کی 33 رنز کی اننگز بھی 16 ویں اوور میں ختم ہوئی جب کیوران کی گیند پر ذیشان ضمیر نے ایک خوب صورت کیچ کیا۔
سکندر رضا نے ایک مرتبہ پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ شروع کی لیکن دوسرے اینڈ سے ڈیوڈ وائز ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 12 رنز بنا کر جلد بازی میں آؤٹ ہوئے۔
قلندرز کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز راشد خان تھے جنھوں نے 12 گیندوں پر 18 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 199 تک پہنچایا اور آخری اوور کے اختتام سے ایک گیند قبل آؤٹ ہوگئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سیم کیوران نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، کپتان شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قلندرز نے اس جیت کے ساتھ ہی بہترین رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کو پیچھے چھوڑ دیا اور پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
سوشل میڈیا پر تبصرے
لاہور قلندرز کی شاندار اور بڑے مارجن سے فتح کے بعد سوشل میڈیا صارف بھی جہاں ایک طرف اس کی پرفارمنس پر خوش ہیں تو وہیں اسلام آباد یونائٹیڈ کی خراب کارکردگی پر بات کر رہے ہیں۔
کوئی ڈیوڈ وائز کو آج کا ہیرو قرار دے رہا ہے تو کوئی ٹیم کے پرفارمنس پر حیران دکھائی دیتا ہے۔
ایک صارف نے لاہور قلندرز کے رانا فواد کی تصویر والی میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ میری ٹیم ہی ہے نا۔‘
https://twitter.com/JahanZaibb_/status/1630250144942952449
شہریار اعجاز نامی صارف نے لاہور قلندرز کی آج کر پرفارمنس پر پوائنٹس ٹیبل کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ایک لمحے میں سب سے نیچے ہوتے ہیں اور دوسرے لمحے میں۔۔۔لاہور قلندرز کی کرکٹ اپنی بہترین فارم میں ہے۔‘
https://twitter.com/SharyOfficial/status/1630266243453267968
جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ چاہے ان سے نفرت کریں یا محبت لیکن پی ایس ایل لاہور قلندرز کے بغیر نامکمل ہے۔‘
https://twitter.com/azanahmad257/status/1630256340189999104