یوکرین جنگ کا ایک برس: اقوام متحدہ میں روس کے خلاف قرارداد مذمت منظور، جنگ روکنے کا مطالبہ

بی بی سی اردو  |  Feb 24, 2023

Getty Images

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے۔ اقوام متحدہ نے یوکرین سے فوجیوں کے انخلا اور جنگ روکنے کا مطالبہ کیا۔

اجلاس میں 141ممالک نے اس تحریک کے حق میں ووٹ دیا، 32 ممالک نے اس ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا اور روس سمیت سات ممالک نے اس قرار داد کی مخالفت کی۔

خیال رہے کہ ووٹنگ ویانا میں یورپی سیکورٹی باڈی کے پارلیمانی اجلاس میں روسی خطاب کے دوران بڑی تعداد میں مندوبین کے واک آؤٹ کے بعد ہوئی۔

یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم (او ایس سی ای) کا واک آؤٹ اور اقوام متحدہ کا ووٹ اس روسی حملے کی پہلی برسی سے ایک دن قبل آیا۔

قرار داد کے ذریعے کیا مطالبات کیے گئے ہیں؟

اقوام متحدہ نے اپنی قرار داد میں جلد از جلد امن کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

قرارداد میں یوکرین کی ’خودمختاری‘ اور ’علاقائی سالمیت‘ کی حمایت کی توثیق کی گئی ہے۔ قرارداد میں روس کے زیر قبضہ یوکرینی علاقوں پر کسی بھی ماسکو کے دعوے کو مسترد کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس ستمبر میں ماسکو میں ارکان پارلیمنٹ نے یوکرین کے چار علاقوں کو غیر قانونی طور پر اپنے ملک کے ساتھ الحاق کرنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

اقوام متحدہ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ’روسی فیڈریشن فوری طور پر، مکمل طور پر اور غیر مشروط طور پر اپنی تمام فوجی دستوں کو یوکرین کی سرزمین سے اپنی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر واپس بلائے‘ اور یوکرین کے ساتھ دشمنی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا یہ اقدام قانونی طور پر روس کو اس پر عمل کرنے کا پابند نہیں بناتا۔ تاہم ایسی قرادادیں اپنا سیاسی اہمیت کی حامل ضرور ہوتی ہیں۔

Getty Images

یہ بھی پڑھیے

روس، یوکرین جنگ: وہ معاملہ جس پر پاکستان، انڈیا اور چین ایک صفحے پر ہیں

یوکرین کی جنگ: 'ابھی تو یہ صرف شروعات ہے، ابھی تو سب کچھ آنا باقی ہے'

روس یوکرین جنگ: لیزر ہتھیار کیا ہیں اور کیا یوکرین جنگ میں ان کا استعمال کیا گیا؟

Getty Imagesچین، انڈیا اور ایران سمیت 32 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، روس سمیت 7 گکی مخالفت

روس کے خلاف اکثریت سے منظور کی جانے والی قرارداد کے دوران کچھ اہم ممالک بھی غیر حاضر رہے۔ چین، انڈیا، ایران اور جنوبی افریقہ ان 32 ممالک میں شامل تھے جنھوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

جن سات ممالک نے مخالفت میں ووٹ دیا ہے ان میں روس، بیلاروس، شمالی کوریا، اریٹیریا، مالی، نکاراگوا اور شام شامل ہیں۔

یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا نے کہا کہ ووٹ نے ’یہ واضح کر دیا ہے کہ روس کو اپنی غیر قانونی جارحیت کو ختم کرنا چاہیے۔ یوکرین کی علاقائی سالمیت کو بحال کیا جانا چاہیے۔‘

انھوں نے ٹویٹ کیا کہ ’روس کے یوکرین کے لیے اپنے پورے پیمانے پر حملے کے آغاز کے ایک سال بعد عالمی حمایت مضبوط ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More