وارسا: امریکی صدر جو بائیڈن نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کو یو کرین کے خلاف جاری جنگ میں کبھی بھی فتح نہیں ملے گی، امریکہ اور اس کے اتحادی رواں ہفتے روس کے خلاف مزید پابندیوں کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے وارسا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو کرین کے خلاف کبھی بھی روس کا فتح نہیں ملے گی اور نیٹو کیف کی مدد کے لیے اپنی کوششوں سے بھی نہیں تھکے گا۔
صدر جوبائیڈن نے کہا کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا خیال ہے کہ نیٹو کے پاس یوکرین کی حمایت کرنے کے لیے درکارعزم کا فقدان ہے کیونکہ جاری تنازع دوسرے سال میں داخل ہو رہا ہے۔
امریکی صدر نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ روس کو یہ بھی شک ہے کہ کیا نیٹو متحد و یکجا رہ سکتا ہے؟ تو میں واضح کر دوں کہ اس حوالے سے اپنا شک و شبہ دور کرلیں، اس کے علاوہ ہماری جاری حمایت میں بھی کمی نہیں آئے گی۔
جوبائیڈن نے کہا کہ نہ تو نیٹو تقسیم ہو گا، یکجا و متحد رہے گا اور ہم بھی نہیں تھکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین بھی آئندہ کی مزید جنگ و لڑائی کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ یکجا ہو کر یوکرین کی بھرپور طریقے سے پشت پناہی جاری رکھے گا، وہ اپنا دفاع خود کرتا ہے۔
مشکوک طیارہ صدر بائیڈن کے گھر کے قریب محدود فضائی حدود میں داخل
واضح رہے کہ صدر جوبائیڈن وارسا آنے سے دو دن قبل اچانک غیر اعلانیہ دورے پر یوکرین گئے تھے جہاں ان کی صدر زیلنسکی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوئی تھی۔