Getty Images
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز کے واضح فرق سے ہرا دیا ہے۔
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 18ویں اوور میں 138 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ ملتان سلطانز کے نوجوان بولر عباس آفریدی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور ڈیوڈ ملر نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچریاں مکمل کی۔
اگرچہ ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہیں تھا کیونکہ ان کی پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں ہی گر گئی تھی جب شان مسعود رومان رئیس کی گیند پر صرف تین رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور رائیلی روسو نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور میں اضافہ کیا۔
رائیلی روسوو 30 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 38 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد ڈیوڈ ملر بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف 24 گیندوں پر 52 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔
ان کی جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے انھیں سوشل میڈیا صارفین نے ’ملر دی کلر‘ کا خطاب دیا۔
Getty Images
ان کے ساتھ کیرون پولارڈ نے بھی 21 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ اس طرح ملتان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا۔
ملتان سلطانز نے اب تک تین میچز کھیلے ہیں اور ان میں سے دو میچز میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ملتان سلطانز کی جیت پر سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے انھیں فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ تینوں شعبوں میں بہترین قرار دیا ہے۔
https://twitter.com/ShabihulH20/status/1627289358125637633
صحافی احشتام الحق نے بھی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’ملتان سلطانز مبارک ہو، پی ایس ایل میں میرٹ پر آنے والی سب سے پیشہ وارانہ ٹیم ہے۔‘
https://twitter.com/iihtishamm/status/1627285043197489153
جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’محمد رضوان، آج عباس آفریدی نے اچھی بولنگ کی، ڈیوڈ ملر نے اچھی اننگز کھیلی، ریلی روسو نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور اسامہ میر نے گیند کے ساتھ ایک بار پھر اچھا کیا۔ ہم تمام باکسز کو ٹک کر رہے ہیں اور یہ خوش آئند ہے کہ ہمارے بہت سے کھلاڑی پرفارم کر رہے ہیں۔‘
https://twitter.com/SajSadiqCricket/status/1627292667586527233