’لاہور کے یارکر ملتان کو بہا لے گئے‘

بی بی سی اردو  |  Feb 13, 2023

Getty Images

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دی ہے۔

میزبان ملتان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور نے بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں ملتان کی ٹیم 174 رنز ہی بنا سکی۔

پی ایس ایل 2023 میں اپنی پہلی ففٹی پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ادھر شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل لاہور کا پیس اٹیک اس شاندار کارکردگی پر سوشل میڈیا صارفین کی داد وصول کر رہا ہے۔

میچ کے اختتام پر ملتان کے کپتان رضوان نے تسلیم کیا کہ ’لاہور کا بولنگ اٹیک اسے کے لیے مشہور ہے۔۔۔ ہمارا آغاز اچھا تھا مگر ہم سے فنش نہیں ہوا جس کا کریڈٹ ان کو جاتا ہے۔‘

لاہور کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ’ہمارے پاس بولنگ کے کئی آپشنز ہیں۔۔۔ ہم جانتے تھے کہ حارث اور میرے چار اوورز سے ہم میچ میں واپس آسکتے ہیں۔‘

انھوں نے آخری اوور کرانے والے زمان خان کی بھی تعریف کی جن کے اوور میں لاہور کو تین وکٹیں اور ایک رن سے فتح ملی۔

میچ کا مکمل سکور کارڈ

لاہور کے مضبوط بولنگ اٹیک نے کامیابی سے ہدف کا دفاع کیا اور یہ میچ انھی کی وجہ سے اس کی جھولی میں آ گرا۔

شاہین کے سلو بال یارکر پر رضوان کی وکٹ ملی جو پچاسویں گیند کھیلتے ہوئے 75 رنز کے سکور پر آؤٹ ہوگئے۔ جبکہ حارث رؤف نے تیز یارکر سے ڈیوڈ ملر کو پویلین واپس بھیجا جو کہ جارحانہ شاٹس سے میچ پر غلبہ پا رہے تھے۔

زمان خان کے آخری اوور میں ملتان کو 15 رنز درکار تھے مگر پولارڈ اور خوشدل شاہ کی جوڑی ایسا کرنے میں ناکام رہی۔

https://twitter.com/lahoreqalandars/status/1625214856457768960

https://twitter.com/lahoreqalandars/status/1625212477377220608

https://twitter.com/lahoreqalandars/status/1625217882518069248

آخری اوور کی دوسری گیند پر پولارڈ کا رن آؤٹ اور تیسری گیند پر اسامہ خان کی وکٹ نے لاہور کو سبقت دلائی۔

یوں دوسرے اینڈ پر کھڑے خوشدل شاہ کے لیے اپنی ٹیم کو جتانا مشکل ہوتا گیا۔

خوشدل کو آخری دو گیندوں میں 10 رنز بنانے تھے تاہم ان کے دو چوکوں کے باوجود جیت ملتان کے ہاتھ سے نکل گئی۔

https://twitter.com/DeafMango/status/1625212652090695707

https://twitter.com/ChAhmadSayal/status/1625222637226958859

https://twitter.com/iamAhmadhaseeb/status/1625219486100881409

سوشل میڈیا پر ایک صارف نے کہا کہ ملتان کے پاس لاہور کے یارکرز کا کوئی جواب نہ تھا۔ جبکہ ایک دوسرے نے لکھا کہ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے لاہور ’سنائپرز کی مدد سے یارکر مار رہا ہے۔‘

ادھر احمد کہتے ہیں کہ میچ ملتان کے ہاتھ میں تھا مگر لاہور کی بہترین بولنگ پرفارمنس نے میچ واپس لے لیا۔

فخر زمان لاہور کے ٹاپ سکورر

لاہور کی جانب سے فخر زمان اور طاہر بیگ نے اننگز کا آغاز کیا ہے تاہم 61 کے مجموعی سکورپر طاہر بیگ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی پہلی ففٹی سکور کی اور وہ 66 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

حسین طلعت 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سکندر رضا 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنا سکی۔

اسامہ میر اور احسان اللہ نے ملتان کے لیے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

فخر زمان کی ذمہ دارانہ اننگز پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کی تعریف کی۔

https://twitter.com/Rnawaz31888/status/1625173810365272064

جواب میں ملتان کا آغاز اچھا تھا جس میں اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود نے سو رنز کی شراکت قائم کی۔

’اگلے سال پی ایس ایل پشاور اور کوئٹہ میں‘

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2023 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔

پی ایس ایل 8 کی افتتاحی تقریب کا آغاز آئمہ بیگ کی آواز میں قومی ترانے سے کیا گیا۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور اس موقع پر زبردست آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں لیگ کے آفیشل ترانا گانے والے عاصم اظہر، فارس شفیع اور شائے گل نے بھی پرفارم کیا۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل کا جو سفر دبئی سے شروع ہوا تھا وہ اب ملتان تک آگیا ہے اور اگلے سال پشاور اور کوئٹہ تک جائے گا۔

https://twitter.com/saleemkhaliq/status/1625131984853819392

سوشل میڈیا پر شائقین نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کو شاندار قرار دیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ملتان کا سٹیڈیم آتش بازی کی روشنی سے جگمگا اٹھا ہے۔

سپورٹس جرنلسٹ سلیم خالق نے بھی پی ایس ایل کے انعقاد پر پی سی بی کی تعریف کی۔

جبکہ ایک صارف نے تو رنگارنگ تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ’برائے مہربانی یہ آئی ایم ایف کو مت دکھائیے گا۔‘

https://twitter.com/Brand__Rao/status/1625187765024444416

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن میں ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور قلندرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اپنے پانچ، پانچ میچز ہوم گراؤنڈ پر کھیلیں گی۔

پاکستان سپر لیگ 2023 کا فائنل 19 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More