اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو کسی نہ کسی مقصد کیلئے پیدا کیا ہے، یہ حقیقت ہے کہ کوئی انسان گورا تو کوئی کالا، کوئی چھوٹا تو کوئی لمبا ہوسکتا ہے لیکن رب کائنات نے ہر انسان کو کسی نہ کسی خوبی اور خصوصیت سے نوازا ہے لیکن افسوس کہ ہمارے معاشرے میں چھوٹے قد کے لوگوں کا مذاق اڑایا جاتا ہے اور انہیں کئی طرح کے القابات سے نوازا جاتا ہے۔
آج ہم آپ کو سوشل میڈیا پر وائرل ایک ایسے پستہ قامت جوڑے کے بارے میں بتائیں گے جنہیں اللہ تعالیٰ نے قد سے کم ہی نوازا لیکن پھر دونوں کو ایک کرکے دونوں کی کمی کو پورا کردیا۔
2 فٹ کے ظفراور دو فٹ پانچ انچ کی ذکیہ کیسے ملے اور ان کا رشتہ شادی میں کیسے تبدیل ہوا۔ اس حوالے سے ظفر کوڈو کا کہنا ہے کہ میں نان چنے کی دکان پر کام کرتا تھا اور ذکیہ وہاں کھانا لینے آتی تھی جہاں سے ہماری محبت پروان چڑھی۔ انہوں نے بتایا کہ میرے پاس چھوٹی سی موٹرسائیکل ہے جس پر دونوں گھومنے جاتے تھے۔
ذکیہ نے بتایا کہ ظفر کو دیکھ کر محسوس ہوا کہ یہ میرے لئے اچھے ساتھی ہوسکتے ہیں، ظفر نے شادی کی پیشکش کی تو میں نے انہیں گھر پر رشتے کیلئے آنے کو کہا۔ ظفر کا کہنا تھا کہ رشتہ مانگنے سے پہلے بہت ڈر لگ رہا تھا کہ ذکیہ کے گھر والے کیسا برتاؤ کرینگے کیونکہ اس سے پہلے میرے 2، 3 رشتے ٹوٹ چکے تھے۔
ذکیہ کہنا ہے کہ چھوٹے قد کی وجہ سے بچے بہت تنگ کرتے ہیں، لوگوں کے رویوں کی وجہ سے آج بھی رونا آجاتاہے، ظفر کا کہنا ہے کہ میں لوگوں کی باتوں کو نظر انداز کرکے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیتا ہوں کیونکہ بڑی تو صرف اللہ کی ذات ہے، ہمارے قد چھوٹے ہونے میں ہمارا قصور نہیں تھا اس لئے میں لوگوں کو سمجھانے کے بجائے اللہ پر سب چھوڑ دیتا ہوں۔