EPA
امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق پولیس اس فائرنگ کی جوابی کارروائی میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ مانیٹری پارک میں سنیچر کی رات دس بجے پیش آیا ہے جو لاس اینجلس سے تقریباً 13 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
نئے قمری سال کی خوشیاں منانے کے سلسلے میں اس سالانہ میلے میں ہزاروں امریکی شہری اس پارک میں جمع ہوئے تھے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس فائرنگ کے نتیجے میں کتنے افراد زخمی ہوئے ہیں یا کسی کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔
پولیس کی جانب سے بھی فی الحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہکہ حملہ آور کو گرفتار یا ہلاک کیا گیا ہے یا نہیں۔
لاس اینجلس ٹائمز سے بات کرتے ہوئے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ تین لوگ ان کے ریستوران میں دوڑتے ہوئے آئے اور ان سے کہا کہ دروازہ بند کر لو کیونکہ اس علاقے میں ایک شخص کے پاس مشین گن موجود ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں اس علاقے میں پولیس کی بھاری نفری کو دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ سالانہ میلہ ایک ہفتہ طویل دورانیے کا ہوتا ہے جس میں گذشتہ سال ایک لاکھ سے زائد لوگ شریک ہوئے تھے۔
اس خبر کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔