اولاد اللہ تعالیٰ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے، بیٹی ہو یا بیٹا انسان کو اپنے رب کی دین پر ہمیشہ شکر ادا کرنا چاہیے کیونکہ دنیا میں ایسے بے شمار لوگ ہیں جو اولاد کی نعمت سے محروم ہیں لیکن ایسے لوگوں کی بھی کوئی کمی نہیں جو نرینہ اولاد کیلئے ہر حد پار کرجاتے ہیں اور کئی بار ایسا بھی دیکھا جاتا ہے کہ بچے میں کسی پیدائشی معذوری کی وجہ سے لوگ بچوں کو اپنانے سے انکار بھی کردیتے ہیں۔
آج کی اس رپورٹ میں ایسے ہی ایک نوجوان کے حوالے سے آپ کو بتائیں گے جس کے پیدا ہونے کے بعد اس کے والد نے اس کی ماں کو طلاق دے دی صرف اسی وجہ سے کہ اس کا منہ صحیح نہیں تم دوبارہ ایسے بچے پیدا کرو گی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں معذور نوجوان محمد شکیل نے بتایا کہ جب میں پیدا ہوا تھا میرے والد نے میری والدہ کو طلاق دیدی جس کے بعد ماں نے بہت مشکل زندگی گزاری اور میں نے بھی بہت مشکلات کا سامنا کیا۔
میں ٹیڑھے منہ کے ساتھ پیدا ہوا تھا، میرا قد چھوٹا ہے اور منہ بھی ٹھیک نہیں جس کی وجہ سے باہر نکلوں تو لوگ مذاق اڑاتے ہیں، کبھی پتھر تو پانی کے شاپر مارتے ہیں۔میرے والد نے میرے ساتھ بہت زیادتی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے ملک کے مختلف شہروں میں مزدوری کی ہے، میرا ایک اور بھائی پیدا ہوا لیکن وہ انتقال کرگیا تھا اور مجھے لگتا ہے کہ یہ ٹھیک ہی ہوا ورنہ شائد وہ بھی میری طرح خوار ہی ہوتا۔