کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کراچی کا بلدیاتی الیکشن جیت گئی ہے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان جلد کراچی کے نئے میئر کا اعلان کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کراچی کو جدید شہر میں تبدیل کردے گی۔
واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کچھ دیر قبل دعویٰ کیا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں کامیابی کے حوالے سے لیڈ کر رہی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار اور سید مصطفیٰ کمال کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دھاندلی ہار گئی کراچی جیت گیا اور جس کے پاس شہر کا مینڈیٹ نہیں وہ میئر بنے گا۔