Getty Images
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی عوام سے کہا ہے کہ ان کے رہنما پوتن انھیں تباہ کر رہے ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن کے فوجیوں کے ساتھ نئے سال کے موقع پر کیے گئے خطاب کے بعد زیلنسکی نے کہا کہ روسی صدر اپنے فوجیوں کی قیادت نہیں کر رہے بلکہ ان کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔
سنیچر کو یوکرین بھر میں مہلک حملے کیے گئے اور زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کے عوام روس کو معاف نہیں کریں گے۔
ان حملوں میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کو نئے سال کے ابتدائی گھنٹوں میں بھی مزید میزائل حملے کیے گئے۔ حملے میں ہونے والے جانی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔
یوکرین کی ملسح افواج کے سربراہ والیری زالونزنے کا کہنا ہے کہ فضائی دفاع نے سنیچر کو روس کی جانب سے داغے گئے 20 میں سے 12 میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے۔
حالیہ ہفتوں میں درجنوں حملوں کی وجہ سے یوکرین میں بار بار بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ ماسکو بارہا عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتا رہا ہے لیکن صدر پوتن نے حال ہی میں توانائی کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کا اعتراف کیا ہے۔
اپنے ٹیلی گرام چینل پر خطاب میں یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ سنیچر کے روز ہونے والے حملوں کو انجام دینے والے غیر انسانی تھے۔
اس کے بعد انھوں نے روسی زبان میں روس کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کا رہنما آپ کو دکھانا چاہتا ہے کہ وہ آگے ہے اور قیادت کر رہا ہے اور فوج ان کے پیچھے ہے۔‘
’لیکن حقیقت میں وہ چھپے ہوئے ہیں۔ وہ اپنی فوج، اپنے میزائلوں، اپنی رہائشگاہوں اور محلات کی دیواروں کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں۔‘
’وہ آپ کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں اور وہ آپ کے ملک اور آپ کے مستقبل کو جلا رہے ہیں۔ دہشت گردی کے لیے کوئی بھی آپ کو معاف نہیں کرے گا۔ دنیا میں کوئی بھی آپ کو اس کے لیے معاف نہیں کرے گا۔ یوکرین معاف نہیں کرے گا۔‘
زیلنسکی نے بعد میں یوکرین کے عوام سے نئے سال کا خطاب کیا اور روسی پیش قدمی کو پسپا کرنے میں ان کی ’ناقابل یقین‘ کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم ایک ٹیم کے طور پر لڑتے ہیں، پورا ملک، ہمارے تمام علاقے، میں آپ سب کی قدر کرتا ہوں، میں یوکرین کے ہر ناقابل تسخیر خطے کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘
یہ بھی پڑھیے
یوکرین جنگ: روسی فوجیوں کو ’مفت‘ میں اپنا سپرم منجمد کرانے کی سہولت کیوں دی جا رہی ہے؟
یوکرین کے صدر زیلنسکی کو کن محفوظ راستوں سے واشنگٹن پہنچایا گیا؟
روس کس طرح یوکرین کے خلاف ایرانی ساختہ ’خودکش ڈرونز‘ استعمال کر رہا ہے؟
Reutersصدر پوتن کو فوج کے ارکان کے ساتھ جشن مناتے ہوئے، جنہیں انھوں نے تمغے بھی دیے
روس کے صدر پوتن نے بھی نئے سال پر بیان جاری کیا جو روس کے تمام 11 ٹائم زونز میں نشر کیا گیا۔
روسی رہنما نے یوکرین میں لڑنے والے اپنے فوجیوں کے لیے لوگوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا تھا۔
پوتن نے کہا کہ ’ہم ہمیشہ سے جانتے تھے اور آج ایک بار پھر ہمارے سامنے اس بات کی تصدیق ہو گئی کہ روس کے لیے ایک خودمختار، آزاد اور محفوظ مستقبل کا دارومدار صرف ہم پر، ہماری طاقت اور ارادے پر ہے۔‘
انھوں نے یوکرین کے خود مختار علاقے پر حملے کو ’اپنے لوگوں اور اپنی تاریخی زمینوں کے دفاع‘ کے طور پر پیش کیا اور کہا کہ ’ہمیں اس پر اخلاقی اور تاریخی حق حاصل ہے۔‘
صدر پوتن نے مغرب پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ اس نے ماسکو کو 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کرنے کے لیے اکسایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مغرب نے امن کے بارے میں جھوٹ بولا۔ یہ جارحیت کے لیے تیاری کر رہا ہے اور اب وہ روس کو کمزور اور تقسیم کرنے کے لیے یوکرین اور اس کے عوام کو استعمال کر رہے ہیں۔‘