ناخن سے متعلق کئی ساری تحقیق اور ایسی باتیں سامنے آچکی ہیں جن کے بارے میں جان کر کسی کو بھی یقین نہیں آتا۔
یہ بات آپ سب ہی جانتے ہوں گے کہ مینی کیور اور پیڈی کیور وہ طریقہ ہوتا ہے جو ناخنوں کی صفائی کے ساتھ انہیں حسین بھی بناتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیوٹی پارلرز میں میک اپ کا پہلا مرحلہ مینی کیور اینڈ پیڈی کیور ہی تصور کیا جاتا ہے۔
ایسی خواتین یا مرد جو ناخن کے بار بار ٹوٹنے کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں ان کو چاہیے کہ پریشانی کو کم کریں اور اس کی وجوہات تلاش کریں جس کی وجہ سے ناخن بار بار ٹوٹتے ہیں، اس صورت حال سے کیسے بچا جاسکتا ہے آیئے جانتے ہیں۔
اگر آپ کے ناخن غیر معمولی طور پر ٹوٹنے لگیں تو یہ تھائی رائیڈ جیسے سنگین مرض کی طرف اشارہ ہوسکتا ہے۔ اگر ٹوٹنے والے ناخنوں کی رنگت کنارے سے پیلی ہو تو اس کا مطلب یہ رنگت فنگل انفیکشن (پھپھوندی ) کی جانب بھی اشارہ کرتی ہے۔
*ناخن کے ٹوٹنے کی وجوہات
یوں تو ناخن کے ٹوٹنے کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں لیکن چند وجوہات ایسی ہوتی ہیں جو ایک دم ظاہر ہوجاتی ہیں۔ جن میں جسم میں وٹامن اور منرلز کی کمی کا ہونا،جس سے ناخن ٹوٹنے کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔
ناخن اگر صاف نہ کیئے جائیں تو ان میں کالا میل جم جاتا ہے اور اکثر فنگس جیسی بیماری بھی لگ جاتی ہے جس سے ناخن ٹوٹتے ہیں۔
خواتین کا زیادہ تر وقت کچن میں گزرتا ہے کھانے پکانے کے ساتھ ساتھ برتن دھونے کے مرحلے سے بھی انھیں گزرنا پڑتا ہے جس میں ان کے ناخن بار بار ٹوٹتے ہیں جو ان کے لیے ایک پریشان کن مرحلہ ہوتا ہے۔
بازار سے ملنے والی غیر معیاری پالش میں ایسے ناکارہ کیمیکلز شامل ہوتے ہیں جو ناخنوں کے ٹوٹنے کا سبب بنتے ہیں۔
ناخنوں کی ٹوٹنے کی ایک وجہ یہ بھی ہوتی ہے کہ کسی بیماری کا مستقل رہنا جس سے جسم کمزور ہوجاتاہے اور ناخن بھی بھربھرے ہو کر ٹوٹنے لگتے ہیں۔
*ناخن کو ٹوٹنے سے بچانے کا علاج
ناخنوں کی مضبوطی اور ان کی دلکشی کو قائم رکھنے کے لیے اگر ان پر کیسٹر آئل لگا کر کچھ دیر مالش کی جائے تو ناخن ٹوٹنے سے بچ جاتے ہیں اور ناخنوں کی نشوونما بھی عمدہ طریقے سے ہوتی ہے۔
وٹامن ناخنوں کو مضبوط بنانے کا بہترین راستہ ہے، ایسی غذاؤں کا استعمال کریں جن سے وٹامن زیادہ سے زیادہ حاصل ہو اور صحت کے ساتھ ساتھ جلد ، بال اور ناخن محفوظ رہیں۔
دودھ اور دہی کا استعمال ناخن کو مضبوط اور چمک دار بناتا ہے ۔جتنا زیادہ ممکن ہو ایسی غذائیں استعمال کریں جو آپ کے جسم میں کیلشیم کی کمی کو دور کرے۔
زیتون کا تیل ناخن کو ٹوٹنے سے بھی بچاتا ہے اور مضبوط بھی بناتا ہے تو دیر نہ کریں اور زیتون کا تیل استعمال کریں دو ہفتوں میں کم سے کم ایک مرتبہ اپنے ہاتھوں کی انگلیوں کو ناخن سمیت زیتون کے تیل میں ڈبوئیں ، کچھ دیر ایسا کرنے کے بعد ناخن صاف کرلیں، ناخن مضبوط ہوجائیں گے۔