ٹوکیو: جاپانی قوم کے لوگوں کے بارے میں بہت سی ایسی باتیں سننے کو ملتی ہیں جن پر یقین کرنا مشکل ہوجاتا ہے اور ان کی مثالیں دی جاتی ہیں۔ جاپانیوں کے متعدد کاموں کی وجہ سے یہ لوگ آج پوری دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
تمام باتوں میں ایک یہ بات بھی قابل غور ہے اور سوال کیا جاتا ہے کہ جاپانیوں کی لمبی عمر کا راز کیا ہے؟ ایک جاپانی محقق نے یہ راز جاننے کے لیے تقریباً 20 سال تک تحقیق کی۔
تفصیلات کے مطابق ایک جاپانی محقق نے بیس سالہ تحقیق کے بعد جاپانی لوگوں کی طویل عمر کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ جاپانی عموماً گرم پانی سے دیر تک غسل کرتے ہیں۔
ٹوکیو سٹی یونیورسٹی کے پروفیسر اور میڈیکل ڈاکٹر شینیا ہایاساکا نے 2 دہائیوں تک لمبے غسل اور چشموں سے نکلنے والے گرم پانی میں دیر تک نہانے کے طبی فوائد کا مطالعہ کیا، انھوں نے بتایا کہ جاپان میں لوگوں کی طویل اور صحت مند زندگی کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہے کہ 80 فی صد جاپانی دیر تک گرم پانی میں لیٹے رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیس برس قبل ایک نرس نے ان سے بلڈ پریشر کے مریضوں کو گرم پانی سے غسل دینے سے متعلق استفسار کیا تھا، لیکن اس سلسلے میں کوئی سائنسی تحقیق موجود نہیں تھی، چناںچہ بعد میں اس پر تحقیق کی ابتداء عمل میں لائی گئی۔
ایاساکا نے اس سلسلے میں کچھ عرصہ قبل ایک طبی جریدے جرنل آف اپیڈیمولوجی میں ایک مقالہ بھی شایع کیا، ان کا کہنا ہے کہ گرم پانی سے زیادہ دیر تک غسل کے 3 بنیادی فائدے ہیں، ایک حدت، پانی پر جسم کے تیرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور ہائیڈرو اسٹیٹک پریشر۔
انھوں نے حفظان صحت اور صفائی کے صحت پر فائدوں کا بھی ذکر کیا تاہم پروفیسر ہایاساکا کے مطابق حفظانِ صحت اور صفائی والے فائدے شاور کے نیچے کھڑے ہو کر غسل لینے سے حاصل تو کیے جا سکتے ہیں، تاہم اول الذکر فائدے صرف گرم پانی میں لیٹنے حاصل ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ زلزلوں اور آتش فشاؤں کے لیے مشہور جاپان میں گرم پانی کے 27 ہزار چشمے ہیں، گرم پانی میں دیر تک لیٹنا اور لمبا غسل لینا ایک طرح سے جاپان میں قومی روایت ہے۔