انڈوں کے بارے میں اکثر اوقات کہا جاتا ہے کہ ان میں کولیسٹرول کی مقدار زیادہ ہوتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ قدرتی غذاؤں میں غذائیت کے لحاظ سے انڈوں کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ اس کے علاوہ انڈوں کے حوالے سے یہ قیاس آرائیاں بھی کی جاتی ہیں کہ اسے کچا بالکل نہ کھائیں لیکن کچے انڈے کھانے کے چند فائدے بھی ہیں۔
آج ہم آپ کو کچے انڈے کھانے کے 3 فوائد بتائیں گے۔
1-کچے انڈوں میں ہائی کوالٹی پروٹین
پروٹین مختلف امینو ایسڈز سے تیار ہوتا ہے اور اس کی نو اقسام انڈوں سے حاصل ہوتی ہیں۔ اسی لیے ان کو ہائی کوالٹی پروٹین کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ ایک بڑے انڈے میں چھ گرام پروٹین ہوتا ہے۔
آپ انہیں اُبال کر کھائیں، کچا کھائیں، آملیٹ بناکر کھائیں، فرائی کریں یا پھر کسی بھی طریقے سے کھائیں یہ آپ کے جسم کے لیے پروٹین، وٹامن اور منرلز پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں۔
2- بینائی کے لیے سود مند
انڈے ان لوگوں کے لیے اومیگا تھری فیٹی ایسڈز حاصل کرنے کا ذریعہ ہیں جو مچھلی نہیں کھاتے۔ اومیگا تھری دماغ اور بینائی کے لیے مفید ہے۔
انڈوں کی زردی میں لیوٹین اور زیسانتھین نام کے اینٹی آکسیڈینٹس ہوتے ہیں جو آنکھوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
3- قوت مدافعت میں بہتری
انڈے پروٹین، وٹامن ڈی، وٹامن بی 2، بی 5، بی 12، وٹامن ای، فولیٹ، لیوٹین اور اومیگا تھری سے بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ تمام چیزیں قوت مدافعت کو بڑھاتی ہیں جبکہ وائرس اور بیکٹیریا کے پھیلاؤ کو کم کرتی ہیں۔