موسم سرما کا آغاز ہوچکا ہے اور ٹھنڈک کا احساس کم کرنے کے لئے لوگ چائے اور کافی کا استعمال زیادہ کرتے ہیں۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ آج کل برطانیہ میں کافی میں مکھن شامل کر کے وزن گھٹانے کا جنون اپنے عروج پر ہے۔
’’بٹر کافی‘‘ کے نام سے مشہور یہ مشروب اِس وقت نہ صرف وزن کم کرنے کے لیے مقبول ہوچکا ہے بلکہ اس کا ذائقہ بھی عام کافی سے مختلف ہے۔ یہ کافی لندن کے تمام مشہور اسٹورز پر ڈھائی پاؤنڈ (تقریباً چار سو روپے) میں دستیاب ہے۔
اس کافی کو پینے والے اسے ناشتے کے متبادل کے طور پر استعمال کررہے ہیں اور ان کے مطابق اس سے ان کے جسم کی توانائی کی ضروریات باآسانی پوری ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ایک کپ کافی میں ناشتے کی تمام توانائی موجود ہے اور وہ دوپہر کے کھانے تک اس ایک کپ سے بہت ترو تازہ محسوس کرتے ہیں۔
تاہم اس کپ میں کچھ لوگوں کے لیے وہ کشش نہیں یعنی اس کا ذائقہ دوسری کافی سے تیز ہوتا ہے اور پینے والے کو تھوڑی دیر کے لیے قے یا دست کا احساس ہوسکتا ہے۔