فرنیچر، برتن اور کپڑے! روزمرہ استعمال کی 5 اشیاء میں موجود وہ چیز جو ہمیں مختلف بیماریوں میں مبتلا کر سکتی ہے

ہماری ویب  |  Dec 19, 2020

دن بھر میں مختلف طرح کی عام سی چیزیں ہم گھروں میں استعمال کر رہے ہوتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ان ہی چیزوں میں اس قسم کے خطرناک کیمیکلز ملے ہوتے ہیں جو انسانی جسم کے لئے کافی خطرناک ہیں۔

1) پلاسٹک کے برتن

پلاسٹک کے برتنوں میں Bisphenol۔A (BPA) کیمیکل پایا جاتا ہے، اگر اس کی مقدار ہمارے جسم میں شامل ہوتی رہے تو اس سے کئی خطرناک طرح کی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ جیسا کہ دل کا دورہ، جگر کے امراض اور کینسر وغیرہ۔ آپ کو چاہیے کہ پیک کھانا یا مشروب خریدنے سے قبل اس بات کو یقینی بنا لیں کہ انہیں BPA فری بوتلوں اور ڈبوں میں پیک کیا گیا ہے۔

2) کریموں اور پرفیوم کا استعمال

کئی لوشنز، کریموں اور خوشبوئیں ایسی ہوتی ہیں جن میں Phthalates کے اجزاء شامل ہوتے ہیں جو کہ بہت ہی زیادہ خطرناک ہوتے ہیں۔ یہ ایک ایسا زہریلا کیمیکل ہے جو مردوں میں بانجھ پن پیدا کرتا ہے۔اس کے علاوہ ان کے استعمال سے موٹاپا، ذیابیطس اور خون کی شریانیں بند ہوسکتی ہیں۔حال ہی میں انکشاف ہوا ہے کہ بچوں میں دل کے امراض Phthalates کی وجہ سے پیدا ہو رہے ہیں۔آپ ایسی اشیا کا استعمال کریں جن میں یہ کیمیکل شامل نہ ہو۔

3) نان اسٹک برتن

اگر آپ نان اسٹک برتن خرید رہے ہیں تو دھیان سے دیکھیں کہ کہیں اس میں Perfluorinated chemicals (PFCs) شامل تو نہیں کیونکہ اس کیمیکل کی وجہ سے تھائی رائیڈ گلینڈ (گلے کا مسئلہ) کے فنکشن میں خرابی ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ کیمیکل سپرم کی کوالٹی، گردوں اور دل پر بری طرح سے اثر انداز ہوتا ہے۔

4) نیا فرنیچر اور کپڑے

آپ نے یہ بات نوٹ کی ہوگی کہ نئے کپڑوں، فرنیچر، کارپٹ اور میٹرس سے ایک عجیب قسم کی خوشبو آتی ہے جو مختلف طرح کے کیمیکل کی وجہ سے آتی ہے جس میں ایک کیمیکل Polybrominated Diphenyl Ethers (PBDEs)بھی ہے۔ اس کی وجہ سے ہمارے تھائی رائیڈ ہارمونز میں خرابی پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے IQ لیول متاثر ہوتا ہے۔آپ کو چاہیے کہ گھر کی صفائی کے لئے ویکیوم کلینر کا استعمال کریں کیونکہ اس طرح اس کیمیکل کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔

5) ڈرائی کلیننگ

کپڑوں کو ڈرائی کلین کرنے کے لیے Perchlorate کا استعمال کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے کپڑے صاف ہونے کے علاوہ سکڑتے نہیں اور انہیں دوبارہ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن اس سے آنے والی بو کے سبب تھکاوٹ، سردرد اور قے کی شکایت ہوسکتی ہے۔ آپ کو چاہیے کہ جب بھی ڈرائی کلین ہوئے کپڑے لے کر آئیں تو سب سے پہلے اس کے اوپر سے پلاسٹک بیگ اتار دیں تاکہ اسے ہوا لگے۔ ایسے کپڑوں کو کم از کم ایک دن بعد پہننا چاہیے تا کہ کیمیکل اڑ چکا ہو۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More