ہم اپنی روزمرہ زندگی جس طرز پر گزارتے ہیں اس کا اثر براہ راست ہماری صحت پر پڑتا ہے، ناصرف صحت بلکہ اس سے ہماری شخصیت بھی متاثر ہو رہی ہوتی ہے۔
تاہم کچھ عادتیں ہماری ایسی ہوتی ہیں جو درحقیقت ہمیں موت کی جانب لے جاتی ہیں، لیکن ہم اس بات کا تعین نہیں کر پاتے، لیکن ہمیں ان عادتوں کو فوری طور پر ترک کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنی زندگی کی حفاظت کر سکیں۔
یوں تو زندگی اور موت اللہ پاک کے ہاتھ میں ہے، لیکن ہمیں بھی ازخود احتیاط برتنی چاہئے۔ آج ہم آپ کو ان 5 عام عادتوں کے بارے میں بتانے والے ہیں جو ہمیں موت کی جانب لے جاتی ہیں۔
1) کم نیند
آپ یہ سن کر یقیناً حیران ہوۓ ہوں گے کہ کم نیند بھلا موت کا سبب کیسے بن سکتی ہے؟ دراصل جب آپ کی نیند پوری نہیں ہوگی اور آپ بوجھل آنکھوں کے ساتھ گاڑی یا موٹر سائیکل چلائیں گے تو ناصرف آپ خود کو بلکہ دیگر افراد کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہوں گے۔کیونکہ مکمل توجہ نہ ہونا اور سستی حادثات کا سبب بننے کی وجہ ہے۔
2) ون وہیلر
ہم سڑکوں پر روزانہ کی بنیاد پر دیکھتے ہیں کہ بہت سے لڑکے اپنے جوشیلے انداز میں موٹر سائیکل کو ایک وہیل پر چلا رہے ہوتے ہیں۔ ماضی میں کئی نوجوان اس شوق اور پاگل پن کی وجہ سے اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ لہذا یہ عادت اور شوق فوراً ترک کردیں، کیوں کہ آپ چاہے اس میں کتنے ہی ماہر کیوں نہ ہوں، احتیاط اولین ترجیح ہونی چاہئے۔
3) ذہنی تناؤ یا ذہنی بوجھ
بہت سے افراد کو بلا وجہ ذہنی تناؤ یعنی ٹینشن لینے کی عادت ہوتی ہے، وہ ہر چیز خود پر سوار کرلیتے ہیں دفتر، دوستوں، بچوں اور خاندان کی ذمہ داریاں وغیرہ ان کا سکون برباد کردیتی ہیں۔ جس سے ذہن بہت بری متاثر ہوتا ہے۔ تناﺅ یا مایوسی جیسے ذہنی امراض زندگی سے دلچسپی ختم کردیتے ہیں جبکہ ضرورت سے زیادہ سوچنا یا ٹینشن لینا آپ کے دماغ کو متاثر کر سکتا ہے یعنی آپ کو برین ہیمرج بھی ہو سکتا ہے۔
4) بد ہضمی اور تھکان کو نظر انداز کرنا
بہت سی خواتین بد ہضمی اور تھکان جیسے معاملات کو سیریس نہیں لیتیں اور اسے ٹالتی رہتی ہیں، لیکن ان کی یہ ہی لا پرواہی کی عادت دل کے دورے کا سبب بن سکتی ہے جس سے ان کی جان جا سکتی ہے۔ سینے میں درد نہ ہونے کا مطلب دل کا دورہ نہ ہونا ہرگز نہیں ہے۔ خواتین کو اکثر دل کے دورے بدہضمی اور تھکان کے باعث پڑتے ہیں۔
5) ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر ادویات کا استعمال
بہت سے افراد کو نیند مشکل سے آتی ہے، تاہم رات کو نیند کی دوائی کھانا ان کی عادت بن جاتی ہے۔ نیند کی ادویات کا ڈاکٹر کی ہدایات کے بغیر استعمال جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔