پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 71 افراد موت کے منہ میں چلے گئے، جبکہ 2 ہزار 729 افراد وبا کے شکنجے میں آگئے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 71 اموات کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 8 ہزار 724 تک پہنچ گئی، جبکہ کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 56 تک پہنچ چکی ہے۔
این سی او سی کے مطابق حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 18.43 فیصد ہوگئی، آزاد کشمیر میں 10.83 فیصد، بلوچستان میں 11.62، گلگت بلتستان میں 2.68، اسلام آباد 6.16، خیبر پختونخوا 11.29 اور سندھ میں 11.47 فیصد تک ہوگئی ہے۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 320 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ پنجاب ایک لاکھ 26 ہزار 526 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔
این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سندھ کے شہر حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 18.43 فیصد ہوگئی تاہم گزشتہ شب کورونا وائرس کے مزید 3 مریض دم توڑ گئے، جبکہ صرف 6 روز میں 25 افراد اس وباء کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے، این سی او سی کا کہنا ہے کہ سندھ اس وقت عالمی وبا کی خطرناک صورتحال سے دوچار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اس وقت عالمی مہلک وباء کی دوسری لہر کا سامنا کر رہا ہے تاہم پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 81 ہزار 208 مریض صحتیاب بھی ہو چکے ہیں جبکہ 45 ہزار 124 زیرعلاج ہیں۔