پاکستان میں اب گاڑی کے اندر سکون سے بیٹھ کر فلم دیکھنی ہو تو کہاں کا رُخ کرنا ہے؟ فلموں کے شوقین حضرات کے لئے پاکستان کے پہلے ڈرائیو اِن سینما کی تقریبِ رونمائی جلد کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق 18 دسمبر کو اسلام آباد میں اسلام آباد ہائی وے کے قریب کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پرائیویٹ ٹیلی کام کمپنی کے اشتراک سے ڈرائیو اِن سینما کا آغاز کیا جائے گا۔
زرائع کے مطابق اس ڈرائیو اِن سینما کی اسکرین پر جمعے سے اتوار تک شام کے اوقات میں فلموں کے شائقین کے لئے فلم لگائی جائے گی جسے لوگ اپنی گاڑیوں میں بیٹھ کر فیملیز کے ساتھ انجوائے کریں گے۔
پرائیویٹ ٹیلی کام کمپنی کے مارکیٹنگ ہیڈ رضوان افضل کے مطابق اسلام آباد میں فلموں کے شوقین افراد کے لئے ڈرائیو اِن سنیما لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کے لئے لگایا جا رہا ہے تاہم یہاں کا رُخ کرنے والے تمام افراد سے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔