صوبہ سندھ کے لئے دسمبر کا مہینہ کورونا ہلاکتوں کے سبب خطرناک قرار، محکمہ صحت سندھ نے خبردار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق دسمبر کا مہینہ سندھ میں عالمی وبا کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے سبب خطرناک قرار دے دیا گیا ہے، محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر کے مقابلے میں دوسری لہر زیادہ خطرناک ثابت ہونے لگی ہے، سال کے آخری مہینے دسمبر کے 10 دنوں میں ہی سندھ میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتیں گزشتہ تین ماہ کی ہلاکتوں سے تجاوز کر گئی ہیں۔
پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ آف سندھ کے مطابق دسمبر کے دس روز میں سندھ میں 149 کورونا مریض جان کی بازی ہار گئے، سندھ میں اکتوبر کے مہینے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 119 جبکہ ستمبر میں 103 تھی، تاہم دسمبر کے شروعات کی دس دنوں میں ہی ہلاکتوں میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے۔
محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد نہ کرنے اور عوام کی جانب سے لاپرواہی برتنے کا نتیجہ ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا سے 50 اموات ہوئیں، تاہم اموات میں حالیہ اضافے سے پاکستان میں عالمی وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 8 ہزار 653 ہو گئی ہے۔