27 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے 39 کلومیٹر پر محیط ملیر ایکسپریس وے ، رواں ماہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پراجیکٹ کی سنگِ بنیاد رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی کی عوام کو بڑا تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری رواں ماہ 27 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے 39 کلو میٹر پر محیط ملیر ایکسپریس وے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے 39.4 کلومیٹر طویل ہوگا جو ملیر ندی کی بائیں کنارے پر تعمیر کیا جائے گا۔
وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملیر ایکسپریس وے کا اسٹرکچر بتاتے ہوئے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کی اسپیڈ ڈیزائن 100 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، جبکہ انٹر چینج پر تقریبا اسپیڈ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی، انہوں نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے ایک ہائی اسپیڈ ٹول ایکسپریس وے ثابت ہوگا، جس پر چھ لین تعمیر کی جائیں گی اور یہ تین فٹ ڈوئل کیرج وے ہوگا۔
مراد علی شاہ نے ملیر ایکسپریس وے کا روٹ بھی بیان کیا وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کا آغاز کورنگی روڈ ڈی ایچ اے کریک ایونیو سے ہوگا جبکہ یہ ایکسپریس وے جام صادق پل، شاہ فیصل کالونی روڈ اور فیوچر کالونی سے کاٹھور تک جائے گا۔
واضح رہے کہ ملیر ایکسپریس وے کی تعمیر کے بعد ڈی ایچ اے فیز 8 سے فیز 9 تک کا سفر محض 20 منٹ میں طے ہوجائے گا، جبکہ دیگر جگہوں کا سفر بھی کم وقت میں با آسانی کیا جا سکے گا۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت ملیر ایکسپریس وے کا یہ منصوبہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت شروع کر رہی ہے، سندھ حکومت نے امید ظاہر کی ہے کہ انکا منصوبہ ملیر ایکسپریس وے شہر کراچی کے ٹریفک مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکے گا۔