پشاور سے تعلق رکھنے والے ممتاز فنکار راج کپور اور دلیپ کمار کے گھر کی قیمت مقرر، دونوں فنکاروں کی رہائش گاہ کو میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے صوبے خیبر پختون خواہ کے محکمہ آثارِ قدیمہ نے بالی وڈ کے مشہور فنکاروں کی رہائش گاہوں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے لئے قیمتوں کا تعین کر لیا ہے، دلیپ کمار کے گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار مقرر جبکہ دستاویز کے مطابق راج کپور کے گھر کی قیمت 1 کروڑ 50 لاکھ مقرر کی گئی ہے۔
محکمہ آثارِ قدیمہ پشاور نے فنڈز کی فراہمی کے لئے سیکریٹری ثقافت کو خط بھی ارسال کر دیا ہے، جس میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ دونوں فنکاروں کے گھروں کی اراضی کی قیمت کا تعین ڈپٹی کمشنر پشاور نے کیا جبکہ گھروں کے ڈھانچے کی قیمت کا تعین سی اینڈ ڈبلیو نے کیا ہے۔
واضح رہے کہ محمد یوسف خان عُرف دلیپ کمار کا گھر پشاور کے مشہور اور تاریخی قصہ خوانی بازار کے خداداد محلے میں موجود ہے، یہ پہلے ایک رہائشی علاقہ تھا جو کہ اب ایک بڑا کاروباری مرکز بن چکا ہے، جبکہ پشاور میں کپور حویلی دلگران میں واقع ہے جس میں بھارت کو متعدد سپر اسٹارز دینے والے خاندان کی ایک نسل پروان چڑھی ہے۔