پاکستان کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان عملی سیاست کا حصہ بنیں، مصطفیٰ کمال نے نوجوانوں کو عملی سیاست میں مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مطابق مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس میں اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجربے اور جذبے کے بہترین امتزاج سے پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کریں گے، مصطفیٰ کمال نے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا کہ وہ پاکستان کے نوجوانوں کو ہر فورم پر زیادہ سے زیادہ نمائندگی دیں گے، اور باصلاحیت نوجوانوں کو عملی سیاست میں حصہ لینے کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔
مصطفیٰ کمال کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ تجربے کار نمائندوں کے علاوہ جذبہ رکھنے والے نوجوانوں کو بھی عملی سیاست میں لایا جائے۔
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ نظام کو بہتر بنانے کے لئے تواتر سے بلدیاتی انتخابات کراونے ہوں گے، انکا کہنا تھا کہ وسائل اور طاقت کو نچلی ترین سطح تک منتقل کئے بغیر موروثی سیاست اور کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔
مصطفیٰ کمال نے واضح کیا کہ اگر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو بڑے پیمانے پر اصلاحات کرنی ہونگی، اور اٹھارویں ترمیم میں صوبے کے وزیرِ اعلیٰ کو دیئے گئے اختیارات اور وسائل کو ڈسٹرک کی سطح پر منتقل کرنا ہوگا۔