گزشتہ روز 7 دسمبر کو پاکستان کی معروف سماجی شخصیت، نعت خواں جنید جمشید کی چوتھی برسی منائی گئی، جنید جمشید کے مداحوں نے انہیں یاد کر کے خراجِ تحسین پیش کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جنید جمشید کے نام کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
ناصرف جنید جمشید کے مداحوں نے بلکہ ان کے دوست احباب اور کولیگز نے بھی دعاؤں کے ساتھ مختلف پیغامات شئیر کیے۔
معروف عالم دین 'مولانا طارق جمیل' نے کہا کہ ''میں نے اخلاق میں جنید جیسے بہت کم دیکھے ہیں، کتنی خوبصورت واپسی مقدر ہوئی، اللہ تعالیٰ اس کی بخشش فرمائے''۔
ملک کے مشہور اینکر پرسن 'اقرار الحسن' نے بھی جنید جمشید کے ہمراہ ایک یادگار تصویر شئیر کی اور پیغام میں لکھا کہ ''کیا محبت کرنے والا انسان تھا۔۔۔ ناقدری زمانہ کا یہ بھی شکار ہوئے، کیا کچھ برداشت نہیں کیا، مگر ثابت قدم رہے۔ اللہ اپنا قرب عطاء فرمائے۔۔۔ جنید بھائی !! محبتیں اور عقیدتیں''
پاکستان کے معروف اینکر پرسن 'وسیم بادامی' نے ٹوئٹ کیا کہ ''جنید بھائی کے بغیر چار سال ہوگئے۔ کاش ایسا نہ ہوتا۔ کاش۔۔۔۔ ہمیں آپ سے پیار ہے۔ آپ ہمیشہ دعاوں میں ہیں۔ اللہ جنت الفردوس میں اعلٰی ترین مقام دے۔
I love u. You are missed اچھی جگہ ملاقات ہوگی انشا اللہ۔ میری زندگی میں آنے والا سب سے اچھا انسان۔ آپ سب سے فاتحہ کی گزارش ہے''۔
یاد رہے جنید جمشید 7 دسمبر 2016 میں ایک طیارے کے حادثے میں جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ ان کی اہلیہ بھی اس حادثے میں جاں بحق ہوئی تھیں۔