گزشتہ کچھ گھنٹوں سے حمزہ علی عباسی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ملاقات کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس پر صارفین حیرانی کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں۔
تصویر اتنی تیزی سے وائرل ہوئی کہ حمزہ علی عباسی کا نام ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آفیشل اکاؤنٹ سے وزیراعظم عمران خان کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں اُن کے سامنے نامور اداکار حمزہ علی عباسی کو بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔
حمزہ علی عباسی اور عمران خان کی ملاقات کی تصویر انٹرنیٹ پر اتنی تیزی سے وائرل ہوئی کہ ٹوئٹر پر گزشتہ رات سے ''حمزہ علی عباسی'' کے نام کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے اور اس وقت بھی حمزہ علی عباسی ٹاپ ٹرینڈز کی فہرست میں نمبر 7 پر چل رہے ہیں۔
تاہم ٹوئٹر صارفین کے مطابق یہ تصویر حمزہ علی عباسی کے عمران خان سے لیے گئے انٹرویو کی ہے جو ایک نجی خبر رساں ٹی وی چینل پر نشر کیا جائے گا جبکہ تاحال اداکار اور وزیراعظم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی ہے۔
ٹوئٹر صارفین نے اپنے دلچسپ تبصرے بھی پیش کیے، متعدد نے مزاحیہ انداز میں عمران خان کو اداکار کہا۔
ملک مبشر نامی صارف کا کہنا تھا کہ ''ایک ہی تصویر میں 2 پسندیدہ اداکار''۔
الشبہ عثمان نامی صارف نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ ''حسین اور ہر فن مولیٰ اداکار، حمزہ علی عباسی کے ساتھ موجود ہیں''۔
سید شاہ زیب نے کہا کہ ''شاندار اداکار (عمران خان) حمزہ علی عباسی کے ساتھ موجود ہیں''۔