اقوامِ متحدہ کا خصوصی اجلاس، وزیراعظم عمران خان نے خصوصی اجلاس میں عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے کورونا سے نمٹنے کی حکمتِ عملی بنانے اور رکن ممالک کی تجاویز سننے کے لئے خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خطاب میں دس نکاتی ایجنڈہ پیش کردیا، وزیرِاعظم نے کہا کہ عالمی وبا ایک بڑا مسئلہ ہے اور اس سے متاثر ہر فرد کو کورونا ویکسین فراہم کرنی ہوگی، انہوں نے کہا کہ وبا کے غریب ترقی پزیر ممالک معیشت کا بوجھ اُٹھانے کے قابل نہیں ہیں اس لئے ترقی پزیر ممالک کے لئے 500 ارب ڈالر کا خصوصی فنڈ مختص کیا جائے۔
عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ترقی پزیر ممالک کے دیئے گئے قرضے معاف کئے جائیں، اور پسماندہ ممالک کو رعایتی قرضوں کی سہولت فراہم کرتے ہوئے کم شرح پر قلیل مدتی قرضے فراہم کئے جائیں، جبکہ ان ممالک کی ترقی سے متعلق کئے گئے وعدوں پر بھی عمل درآمد کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے مطالبہ کیا کہ انفرا اسٹرکچر کے شعبے کے لئے سالانہ 15 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے، اور موسمیاتی تبدیلی کیلئے 100 ارب ڈالر سالانہ کا ہدف بھی یقینی بنایا جائے۔
وزیرِاعظم پاکستان عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کرپٹ سیاستدانوں اور جرائم پیشہ افراد کی جانب سے ملک کی لوٹی ہوئی دولت کو واپس کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں یہ بھی واضح کیا کہ بین الاقوامی مالیاتی نظام کی از سر نو تعمیر کی ضرورت ہے۔