ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر نے تباہی مچانا شروع کردی، ایک ہی دن میں مزید 75 افراد مہلک وبا کے باعث انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز شدّت اختیار کرنے لگے ہیں، گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 35 ہزار 197 ٹیسٹ ہوئے جن میں مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد رہی جو کہ تشویشناک شرح ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 75 کورونا متاثرین جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک دن میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 829 کیسز ریکارڈ ہوئے، تاہم اب تک ملک بھر سے کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 3 ہزار 311 ہو گئی ہے جبکہ 8 ہزار 166 افراد اس وبا کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے پیشِ نظر حکومت نے ملک بھر کے گئی شہروں میں اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن کا نفاذ کر رکھا ہے اور عوام کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی سختی سے تاکید کی ہے، یاد رہے کہ اب تک 2 ہزار 79 مریض اس موذی وبا سے شفایاب بھی ہوئے ہیں۔