کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروباری مراکز کھولنے اور بند کرنے کے حوالے سے وقت میں تبدیلی کردی گئی ہے۔
زیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کے مطابق جمعہ کو کاروبار بند نہیں ہوگا، جبکہ اب دکانیں 6 بجے کے بجائے 8 بجے بند ہوں گی تاہم این سی او سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔
تمام کاروبار مراکز ہفتے میں ایک دن بند رکھے جائیں گے، جمعہ کو کاروبار بند نہیں ہوگا، مارکیٹیں صبح 8 سے رات 8 بجے تک کھلیں گی۔
صدر آل سٹی تاجر اتحاد شرجیل گوپلانی نے سندھ حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ 8 بجے تک کاروبار کی اجازت دینے پر سندھ حکومت کے مشکور ہیں، تاجروں کے جائز مطالبات پر عملدرآمد سے تقویت ملے گی۔
واضح رہے ملک میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن ہوچکا ہے جبکہ کراچی میں بھی سرگرمیاں متاثر ہیں۔