پاکستان کی خواتین کسی بھی شعبے میں کسی سے پیچھے نہیں، بلوچستان میں پہلی مرتبہ خاتون اسسٹنٹ سپرنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) تعینات کردی گئیں۔
بلوچستان پولیس میں پہلی مرتبہ خاتون پولیس افسر پری گل ترین کو اے ایس پی کوئٹہ کینٹ تعینات کردیا گیا ہے، تعینات پولیس افسر پری گل بلوچستان کے علاقے پشین کی رہنے والی ہیں، پری گل پہلی اے ایس پی کے ساتھ ساتھ سی ایس ایس کا امتحان پاس کر کے پولیس سروس آف پاکستان میں شامل ہونے والی صوبہ بلوچستان کی پہلی خاتون کا اعزاز بھی رکھتی ہیں۔
پری گل کا کہنا ہے کہ انہیں پولیس میں شامل ہونے کا اور ملک و قوم کی خدمت کرنے کا شروع سے ہی بے حد شوق تھا انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے خاندان میں بھی پولیس میں کام کرنے کا انتخاب کرنے والی پہلی خاتون ہیں، پری گل نے مزید کہا کہ بلوچستان پولیس میں خواتین کے لئے سیٹس مقرر ہیں اور وہاں کی خواتین کو اس شعبے کی طرف متوجہ ہونا چاہیئے۔
واضح رہے کہ پولیس سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کرنے والی بلوچستان کی بہادر خاتون پولیس افسر پری گل ترین عوام کے لیے تہہ دل سے اپنی خدمات سرانجام دینے کے لئے پرعزم ہیں۔