مڈ ٹرم کورونا کی صورتحال کے پیشِ نظر ملتوی کردیئے گئے ہیں تاہم فائنل امتحانات ہر صورت ہوں گے، وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے واضح کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بار امتحان ملتوی نہیں ہوں گے بلکہ لازمی ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ آج کے بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق تمام تر فیصلے متفقہ طور پر کئے گئے ہیں۔
وفاقی وزیرِ تعلیم نے بتایا کہ 26 نومبر سے 24 دسمبر تک تمام مدارس، یونیورسیٹیز، کالجز اور اسکولز مکمل طور پر بند ہوں گے، جبکہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک تمام تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات رہیں گی۔
وفاقی وزیرِ تعلیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماضی میں بھی نجی سکولز کے لئے ایک لون پیکج کا اعلان کیا تھا تاہم اب بھی وہ نجی اسکولز کے لئے فکر مند ہیں، انکی کوشش ہے کہ جلد کم فیسز والے نجی اسکولز کے لئے کوئی پیکج تشکیل دیں۔