ملک میں دن بدن کورونا کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس پر وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں اگر ایسے ہی اضافہ ہوتا رہا تو ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا۔
ٹوئٹر پر وزیراعظم نے اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ''پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر تشویشناک ہے، گزشتہ 15 دن میں وینٹی لیٹرز پر کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے''۔
انہوں نے کہا کہ ''دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے، دوسری لہر کے باعث مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن ہے، پی ڈی ایم جان بوجھ کر جلسے کر کے عوام کی زندگی خطرے میں ڈال رہی ہے''۔
پیغام میں لکھا کہ ''کیسز میں ایسے ہی اضافہ ہوتا رہا تو مکمل لاک ڈاؤن کرنے پر مجبور ہوں گے، این آر او کے لیے بے چین اپوزیشن عوام کی جان اور روزگار تباہ کرنے پر تلی ہے''۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ''پی ڈی ایم لاکھوں کا جلسہ بھی کرلیں لیکن ان کو این آر او نہیں ملے گا''۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ''لاک ڈاؤن کرنے جیسے اقدامات نہیں کرنا چاہتا جن سے معیشت کو نقصان ہو، ہماری معیشت مضبوط اور بحالی کے اشارے دینا شروع ہوئی ہے، بدقسمتی سے اپوزیشن کا واحد مقصد این آر او لینا ہے، اپوزیشن کو این آر او چاہیے چاہے زندگیاں اور معیشت داؤ پر لگ جائیں''۔