سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں صارفین کی کوئی بھی پوسٹ منٹوں میں وائرل ہو سکتی ہے، وائرل ہونے سے مراد یہ ہے کہ کوئی بھی پوسٹ محض کچھ گھنٹوں میں لاکھوں کروڑوں صارفین تک پہنچ جاتی ہے اور اسے بے شمار لوگ شئیر کرتے ہیں اور پھر اسی پر اپنے تبصرے بھی پیش کرتے ہیں۔
وائرل تصاویر اور ویڈیوز کی بات کی جائے تو گزشتہ ہفتہ سیاست اور کرکٹ کے نام رہا۔ یعنی سیاست کے میدان سے تعلق رکھنے والے افراد کی چند تصاویر وائرل ہوئیں جبکہ کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پاکستان سپر لیگ کے میدان سے بھی بے شمار تصاویر وائرل ہوئیں جن سے صارفین بے حد محظوظ ہوئے۔
مریم نواز بنیں حلیمہ سلطان
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گللگت بلتستان کے علاقے نگر خاص میں انتخابی جلسے کے دوران گلگت کی روایتی ٹوپی پہنی جس پر ماتھا پٹی سجی ہوئی تھی، ساتھ ہی انہوں نے مقامی لباس بھی زیب تن کر رکھا تھا۔ مریم نواز صاحبہ اپنے اس روپ میں مشہور ترک سیریز ارطغرل غازی کی اداکارہ حلیمہ سلطان جیسی لگ رہی تھیں۔ یہ تصویر منظر عام پر آتے ہی وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا صارفین بھی پیچھے نہ رہے اور مریم نواز کو دل کھول کر ٹرال کیا۔
اسٹیڈیم میں کتے کی انٹری
پاکستان میں اس وقت پی ایس ایل کا جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے، ہر جانب صرف کرکٹ کی ہی دھوم ہے۔ ہفتہ کے روز ملتان سلطان اور کراچی کنگز کے مابین میچ کھیلا گیا جس میں کراچی فاتح رہا اور فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ اس میچ کے دوران اسٹیڈیم میں ایک آوارہ کتا گھس آیا جس نے ناصرف کھلاڑیوں بلکہ پورے پاکستان کی توجہ اپنی جانب مرکوز کروالی۔ اس کتے کے آنے کی وجہ سے میچ کو چند منٹوں کے لیے روکا گیا۔ اس واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کی برسات ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان اور ان کی بلوچی پگڑی
عمران خان کی جانب سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شئیر کی گئی جس میں انہوں نے بلوچستان کی روایتی بلوچی پگڑی پہنی ہوئی تھی۔ وزیراعظم نے بلوچستان کے دورے کے موقع پر نیلے رنگ کی شلوار قمیض زیب تن کر رکھی تھی۔ عمران خان کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی اور صارفین نے اس تصویر پر اپنی پسند کا اظہار بھی کیا۔
ثانیہ مرزا کی تصاویر
بروز ہفتہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے مابین میچ ہوا۔ شعیب ملک پشاور زلمی کی طرف سے کھیل رہے تھے جبکہ اپنے شوہر کو فل سپورٹ کرنے کے لیے ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا اسٹیڈیم میں نظر آئیں۔ ثانیہ کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔ اس روز پشاور کی ٹیم تو ہار گئی لیکن کرکٹر شعیب ملک کی جانب سے بہترین کھیل پیش کیا گیا۔
عمران طاہر کی تصویر
جنوبی افریقہ کے مشہور اسپنر عمران طاہر جو کہ اس مرتبہ پی ایس ایل میں ملتان سلطان کی جانب سے کھیل رہے ہیں، میچ کے دوران انہوں نے کیچ پکڑا جس کے بعد یہ اسٹیڈیم میں ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر لیٹ گئے اور ساتھ مسکرانے لگے۔ ان کی یہ تصویر سوشل میڈیا صارفین نے نظر انداز نہیں کی بلکہ اس تصویر پر میمز کی بارش ہوگئی۔ سوشل میڈیا کی کوئی بھی سائٹ کھولو، عمران طاہر کی یہ ہی تصویر دیکھنے کو ملے گی۔
آپ کا اس بارے میں کیا خیال ہے؟ اپنی قیمتی رائے کا اظہار ہماری ویب کے فیسبک پیج کے کمنٹ سیکشن میں لازمی کریں۔