ایوبیہ نیشنل پارک میں 129 برس پرانی کچرے اور مٹی میں دبی سرنگ کو اصلی حالت میں بحال کرکے سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا۔ اس زیرِ زمین سُرنگ کی تعمیر سنہ 1891ء میں اَیوبیہ اور خیرا گلی، مری کے درمیان کی گئی تھی جو طویل عرصہ سے بند پڑی تھی۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی اور محکمہ جنگلی حیات نے ایوبیہ نیشنل پارک میں دبی ہوئی سرنگ دریافت کی جس میں قدیم دور کی نقش و نگاری آج بھی موجود ہے۔
مذکورہ سرنگ کا نام موٹو ٹنل ہے۔ یہ پرانی سرنگ قدیم فن تعمیر کا شاہکار ہے جسے اصل حالت میں بحال کرنے کیلئے مرمت کا کام کیا گیا۔
مٹی اور پتھروں سے بنی 240 فٹ موٹو ٹنل کی چوڑائی 4 فٹ اور اونچائی 6 فٹ ہے۔ واضح رہے کہ ڈونگا گلی سے ایوبیہ تک ٹریک کی لمبائی 4 کلو میٹر ہے جبکہ ایوبیہ سے کوزہ گلی تک پیدل ٹریک کی لمبائی 10 کلو میٹر ہے۔ یہ سرنگ انگریز دور کی تعمیر کا شاہکار ہے۔
اس سرنگ کے کھلنے سے سیاحت میں اضافہ ہوا ہے، لوگوں کی بڑی تعداد اس مقام کو دیکھنے کے لئے آنے لگی ہے اور اس کی وجہ سے مقامی افراد اور گائیڈرز کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
دیکھیں اس جگہ کے اندرونی مناظر۔