کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی پر زوردار دھماکہ ہوا ہے جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جبکہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا مسکن چورنگی پر واقع 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور پر ہوا جبکہ عمارت کے نیچے ایک نجی بینک بھی واقع ہے۔
پولیس کا بلڈنگ میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا ہے کہ دھماکے سے بلڈنگ بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں عمارت کے نیچے کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
تاہم واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، ریسیکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ عمارت میں رہائش پذیر افراد کو نکالنے کا کام شروع کردیا ہے جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 15 ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہو چکی ہے۔
پولیس نے یہ واضح کیا ہے کہ تاحال دھماکے میں دہشت گردی کا عندیہ نہیں ملا تاہم دھماکے کی نوعیت کے تعین کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔