کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر معین خان کے بیٹے اَعظم خان نے اونچا ترین چھکا لگانے کا راز بتا دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2020 میں سندھ کی جانب سے نمائندگی کرنے والے نوجوان بلے باز اَعظم خان نے بڑی ہٹ مارنے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے بلند و بالا چھکے ’ٹیپ بال‘ کرکٹ سے سیکھے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ٹیپ بال کرکٹ سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کافی مدد ملتی ہے۔
اَعظم خان کا کہنا تھا کہ وہ دورانِ نیٹ پریکٹس لمبی شاٹ مارتے ہوئے کافی لطف اندوز ہوتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ جب میں گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پھینکتا تو بہت خوشی محسوس کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ اَعظم خان نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کی 9 اننگز میں 31.75 کی اوسط سے 254 رنز بنا چکے ہیں، اور ٹورنامنٹ میں ان کے 20 چوکے اور 19 چھکے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اَعظم خان مختصر فارمیٹ میں بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑی ہیں اور پاکستان سُپر لیگ کے میچز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ پیش کر چکے ہیں۔