کراچی کے علاقوں کلفٹن ، ڈیفنس سمیت دیگر پوش علاقوں میں چائے خانوں سے منشیات کی سپلائی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبروں
کی مبینہ رپورٹس پر قانونی طور پر سخت ایکشن لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کے اہم اجلاس میں اس سلسلے میں 25 چائے ڈھابوں کے مالکان کو طلب کر کے فوری طور پر قواعد و ضوابط اور ایس او پیز کا پابند ہونے کا حکم دیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر بیرونِ ملک مقیم ایک شہری کی جانب سے جاری کیا گیا ایک خط وائرل ہو رہا ہے۔ جس میں شہری کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ ڈیفنس اور کلفٹن کے چائے خانوں سے مبینہ طور پر منشیات سپلائی کا دھندی چلایا جارہا ہے۔
دوسری جانب چائے ڈھابوں کے مالکان نے ان الزامات کی تردید کردی ہے تاہم اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے جن کے تحت چائے خانوں کے مالکان ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں گے اور ہر رات ساڑھے گیارہ بجے دکانوں کو بند کردیں گے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام چائے خانوں کے مالکان اپنے ملازمین کی تفصیلات متعلقہ اداروں کے پاس درج کرائیں گے، اور اگر کوئی بھی ملازم اس سنگین جرائم میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔