ہاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کے کمرے میں کیمرے نصب کیے گئے ہیں، ان کے ہر عمل کی خبر وزیراعظم عمران خان تک پہنچ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ''ہمیں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شہزاد اکبر اپنی گاڑیاں اور بھیس بدل کر نیب کے دفتر میں جاتے ہیں، شہباز شریف کے کمرے میں کیمرے لگا کر اس کی ویڈیو عمران خان کو بھجوائی جاتی ہے، شہزاد اکبر کے کہنے پر قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کو زمین پر کھانا رکھ کر دیا جاتا رہا، شہباز شریف نیب کی تحویل میں زخمی بھی ہوئے''۔
انہوں نے کہا کہ ''حکومت کے ذہنوں سے گوجرانولہ کا جلسہ نہیں نکل رہا، حکومت ذہنی طور پر گوجرانولہ کے جلسے کا شکار ہوچکی ہے، حکومتی ترجمانوں کے بیانات سے واضح ہے کہ حکومت جا چکی ہے''۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ''نیب نے تسلیم کیا کہ شہباز شریف کے خلاف کرپشن کا کوئی الزام نہیں ، ،پانی میں مدھانی ڈال کر مکھن نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکومت رکاوٹیں ڈال رہی ہیں، کنٹینرز لگا کر کوشش کی جارہی ہے کہ جلسہ نہ ہونے دیا جائے''۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ''اس وقت ایوان بالا اور ایوان زیریں میں 16 اکتوبر کا جلسہ موضوع بحث ہے ، آٹا ،چینی چوروں نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے ،معیشت کی تباہ حالی اور بے روز گاری کے خلاف یہ عوام کا ردعمل ہے''۔